23 مارچ کو اسلام آباد میں عوامی پریڈ، حکومت روک کر دکھائے : پی ڈی ایم

23 مارچ کو اسلام آباد میں عوامی پریڈ، حکومت روک کر دکھائے : پی ڈی ایم

مہنگائی مارچ سے قبل صوبوں میں کنونشن ، جلسے ، سیمینار ہونگے ،اسلام آباد پہنچ کر فیصلہ ہوگا کتنے دن رکنا ، حمد اللہ ، صدر دندان سازی کے معاہدے کرنے میں مصروف :عباسی،ہنستے کھیلتے ملک کو بھوک میں دھکیل دیا گیا ،احسن اقبال

اسلام آباد، کراچی (سیاسی رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے ، سٹاف رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں )اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے کہا ہے کہ 23 مارچ کو اسلام آباد میں عوامی پریڈ ہو گی ، حکومت روک کر دکھائے ۔پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی نے مہنگائی مارچ سے قبل چاروں صوبوں میں کنونشن،جلسے اورسیمینار منعقدکرنے کا اعلان کردیا ۔پی ڈی ایم سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا کہ اسلام آباد پہنچنے کے بعد فیصلہ ہوگا کہ کتنے دن رکنا ہے ،23مارچ قومی دن ہے تو کیا ہم قوم سے علیحدہ مخلوق ہیں؟ ۔عمران خان کی صورت میں قوم کو کورونا سے خطرناک بیماری لگی ہوئی ہے ،حکومت کی صورت میں ایک وبا ملک پر مسلط ہے ،پرانا اورقائداعظم کا پاکستان کہیں نظرنہیں آرہا، تمام بحرانوں کا حل سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ ہے ، ملک میں جلد ازجلد شفاف الیکشن چاہتے ہیں، آئین کے مطابق مقننہ اوراسٹیبلشمنٹ کام کریں گے توملک مستحکم ہوگا۔پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس کنوینر شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس میں مہنگائی مارچ اور صوبائی اجلاسوں کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔اجلاس میں پی ڈی ایم کی تحریک کو موثر بنانے اور کارکنوں کو متحرک کرنے پر غور کیا گیا۔ سٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات پی ڈی ایم کے آئندہ سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ترجمان نے کہا کہ چاروں صوبوں سے کیسے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے ؟ عوام کو اکٹھا کرنے کے امور، انتظامات کے طریقہ کار، نوعیت اور شکل کیا ہوگی اس پر غور ہوا جبکہ چاروں صوبوں میں ورکرز کنونشن ہونگے ، البتہ تاریخوں کو حتمی شکل نہیں دی گئی، شہباز شریف پنجاب میں پی ڈی ایم کا اجلاس طلب کریں گے اور تاریخ بتائیں گے ، کراچی میں بھی کنونشن ہوگا اور اویس نورانی اجلاس بلائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ 23مارچ کو ہم نے اسلام آباد پہنچنا ہے یہ فیصلہ تو ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پی ڈی ایم کی 8جماعتیں ذمہ داری اداکریں گی، محموداچکزئی کی سربراہی میں صوبائی سطح پر کوئٹہ کنونشن ہوگا، پشاورکے کنونشن میں حکمت عملی مولانا کی ذمہ داری ہے ۔اسلام آباد میں مرکزی کنونشن کی ذمہ داری بھی مولانا فضل الرحمان نے لی ہے ،مولانا فضل الرحمان وکلا اور بار کونسلز سے گفتگو کرینگے ،اسلام آباد کے کنونشن میں تمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگ شریک ہونگے ،سول سوسائٹی، صحافی، طلبہ سمیت ہر خاص و عام کو شرکت کی دعوت دی جائیگی۔اسد عمر نے کہا مارچ کے شرکا کو کٹ( مار) پڑے گی، ہمیں روک کر دکھائیں پتا چل جائے گا۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ استعفوں اور عدم اعتماد کا آپشن بھی موجود ہے ،وقت پر استعمال کیا جائے گا،جب تک آئینی نظام میں مداخلت ختم نہیں ہو گی ملک ٹھیک نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں جو کیا گیا سب کے سامنے ہے ،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں فون کرکے اراکین کو بلایا گیا،آج تک ہمیں ہمارا جرم نہیں معلوم ہوسکا،نئے چیئرمین نیب کی سمری صدر کو بھیجی گئی،صدر صاحب دندان سازی کے معاہدے سائن کرنے میں مصروف ہیں،غلطی شاید قائد اعظم کی تھی جو ملک بنا گئے ۔مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23مارچ کوفوجی پریڈ ہوتی ہے ہم اس دن عوامی پریڈ کریں گے ،ہم لاکھوں لوگ اسلام آباد میں ملکرنئی جمہوری قدروں کی بنیاد رکھیں گے حکومت نے ہر شعبے میں انتشار پیدا کرکے قوم کو تقسیم کردیا ہنستے کھیلتے پھلتے پھولتے ملک کو بھوک وافلاس میں دھکیل دیا گیا ہے ،ملک قرعو ں اور فالوں سے نہیں ٹیکنالوجی سے چلے گا ،23مارچ کراچی کے عوام کی فتح کا دن ہوگا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں