حکومت کے ظالمانہ اقدامات بجلی بن کر غریبوں اور معیشت پر گر رہے : شہباز شریف

حکومت کے ظالمانہ اقدامات بجلی بن کر غریبوں اور معیشت پر گر رہے : شہباز شریف

بجلی قیمت میں 4روپے اضافہ آئی ایم ایف غلامی کا ثبوت ،مہنگائی نے پہلے ہی عوام کی سانسیں چھین لیں ، غیرمنقولہ جائیداد کی ویلیو بڑھا نافاش غلطی،لوگ پراپرٹی کیسے خریدیں گے ، لوہے کی صنعت پر منفی اثر پڑیگا ، بیان

لاہور ( اپنے سیاسی رپورٹر سے ) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجلی کی قیمت میں اضافے پرکہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں پونے 4 روپے اضافہ ظلم اور آئی ایم ایف کی غلامی کا ثبوت ہے ۔ حکومت کے ظالمانہ اقدامات بجلی بن کر غریبوں اور معیشت پر گر رہے ہیں۔اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام کو منتقل نہیں کیا گیا بلکہ پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی اور سیلز ٹیکس کا نفاذ کر کے غریبوں کا مذاق اڑایا گیا۔ غیرمنقولہ جائیداد کی ویلیو 35 سے 700 فیصد تک بڑھا کر فاش غلطی کی گئی۔ اس اقدام سے ملک میں کاروباری سرگرمیاں کم وبیش بند ہو جائیں گی، معیشت مزید سست روی کا شکار ہو گی۔ اس اقدام کے بعد لوگ پراپرٹی کیسے خریدیں گے ، ٹیکس وصولیاں بھی کم ہو جائیں گی۔ فولاد، سیمنٹ بلاکس، اینٹوں اور تعمیراتی شعبے سے منسلک پچاس سے زائد صنعتوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔ موجودہ حکومت کے آئی ایم ایف پروگرام کے بعدشرح سود پونے 9 فیصد اور مہنگائی پھر ڈبل ڈیجٹ میں جاچکی ہے ۔ حکومت 800 ارب کے قریب نئے مالیاتی اقدامات کرنے جارہی ہے جس سے عوام اور معیشت پر بے تحاشا دبائو بڑھے گا۔ 250 ارب روپے کے ترقیاتی اخراجات میں کٹوتی اور 550 ارب کے نئے ٹیکس کے اقدامات ظلم درظلم کی کہانی ہے ۔ یہ اقدامات پاکستان کی معیشت کو آگ میں جھونکنے کے مترادف ہیں، مہنگائی نے پہلے ہی عوام کی سانسیں چھین لی ہیں۔ پاکستان کو ہائی جی ڈی پی گروتھ کی ضرورت ہے ، اسی سے مسائل سے نکلا جاسکتا ہے جو اس حکومت کے بس کی بات نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں