اپوزیشن رہنماؤں کے سینے میں دل نہیں اقتدار کی ہوس: بزدار

اپوزیشن رہنماؤں کے سینے میں دل نہیں اقتدار کی ہوس: بزدار

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے پہلے اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش کی اورپھر ان عناصر نے کورونا، ڈینگی اور مری واقعہ پر سیاست چمکانے کی کوشش کی۔

بدقسمتی ہے کہ اپوزیشن انسانی زندگیوں پر پوائنٹ سکورنگ کرنے سے باز نہیں آئی۔ اپوزیشن کے رہنماؤں کے سینے میں دل نہیں بلکہ اقتدار کی ہوس ہے ۔ادھروزیراعلیٰ بزدارکی خصوصی ہدایت پر قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے ۔ کوٹ ادو میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران423 کنال اراضی و اگزارکرائی گئی جس کی مالیت 12کروڑ روپے سے زائد ہے ۔

واگزار کرائی گئی اراضی پر یونیورسٹی تعمیر کی جائے گی۔ عثمان بزدار نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ کورونا ویکسین لگوانا سب کا قومی فریضہ ہے ۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ کورونا کی حالیہ لہر کے پیش نظر شہری مزید احتیاط کریں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں