1 ارب ڈالر کیلئے عوام کو قربانی کا بکرا بنادیا:سراج الحق

1 ارب ڈالر کیلئے عوام کو قربانی کا بکرا بنادیا:سراج الحق

لاہور( سیاسی نمائندہ ، این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر لینے کیلئے 22کروڑ عوام کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا۔

 بے رحم حکومت غریب کش منصوبہ پر گامزن، قوم پر ساڑھے تین سو ارب کابوجھ ڈال کر حکمران جھوٹی وضاحتیں پیش کررہے ہیں۔ یقین ہے کہ اگر عالمی مالیاتی ادارے ہوا اور روشنی پر سیلز ٹیکس لگانے کا حکم دیں تو حکومت بلا جھجک تیار ہوجائے گی۔ بجلی اور گیس کا ٹیرف بڑھانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ ارب پتی حکمرانوں کے بچے اور جائیدادیں باہر مگر ملک کے کروڑوں باسی دو و قت کی روٹی کمانے کے لیے پریشان ہیں۔پی ٹی آئی نالائقوں کا ٹولہ ثابت ہوئی، دعوے کرنے والے آج عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں۔ بیرونی قرضے عوام کے لیے نہیں حکمرانوں کی عیاشیوں کیلئے لیے جاتے ہیں۔

قوم سے اپیل ہے کہ اپنے حق کے لیے کھڑی ہو۔ سودی معیشت کو خیرباد کہنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثمر باغ دیر پائن میں عوامی وفودسے گفتگو اور خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے منی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی نظم کا اجلاس ہفتہ کو منصورہ میں طلب کرلیا ہے ۔ سراج الحق نے کہا پاکستان کا ہر شعبہ زوال سے دوچار ، جماعت اسلامی کی لڑائی نظام کی درستگی کے لیے ہے ۔سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لیے ہمیں قرآن و سنت سے رہنمائی لینا ہوگی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں