دھند، موٹروے بند، پروازیں معطل،آئندہ ہفتے پھر بارش
لاہور،اسلام آباد(دنیا نیوز،آئی این پی)لاہور میں شدید دھند کے بعد موٹروے بند ، اندرون و بیرون ملک سے آنیوالی پروازوں کا رخ اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے سے دوبارہ بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی کردی ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقے گزشتہ روز دھند کی لپیٹ میں ر ہے جبکہ موٹروے کومختلف مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔موٹروے ایم 2کوٹ مومن سے بھیرہ تک ، ایم 3کو فیض پور انٹرچینج سے درکھانہ ٹول پلازہ تک ، ایم 4عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک اور ایم 5شیر شاہ سے رحیم یار خان تک بندکردی گئی۔دوسری جانب لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا ، نجی ایئرلائنز کی دبئی، ابوظہبی اور کراچی سے آنے والی پروازیں اسلام آباد بھیج دی گئیں۔
سی ٹی او لاہور کی ہدایت پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی برقراررکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران ایک بار پھر بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کردی اور الرٹ جاری کر دیا۔ پیشگوئی کے مطابق بارشوں کا سلسلہ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں منگل کے روزداخل ہو گا اور جمعرات تک جاری رہے گا۔کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ اوربارکھان میں بارش اور برفباری ہو گی۔ منگل کی رات سے جمعرات کے دوران مری، گلیات،نتھیا گلی میں بھی برفباری جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں بارش کا امکان ہے ۔