مری:سیاحوں پر پابندی، تاجروں کا شٹر ڈاؤن اور دھرنے کا اعلان
مری(نمائندہ دنیا )مرکزی انجمن تاجران مری نے شہر میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی کے خلاف شٹرڈاؤن اورایکسپریس وے پر دھرنے کااعلان کردیا ۔
تاجروں کا اجلاس ڈاکخانہ چوک مال روڈ پر انجمن کے صدر راجہ طفیل اخلاق کی صدارت میں ہوا جس میں عہدیداروں واجدعباسی، عامر عباسی،خاور اور دیگر تاجروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، راجہ طفیل نے کہا حکومت پنجاب اور منتخب نمائندوں کو چاہیے تھا کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرتے کہ یہ افسوسناک سانحہ کیوں ہوا، جن اداروں کی ذمہ داری تھی ان کوکٹہرے میں لانے کی بجائے مری میں سیاحت پرپابندی عائد کرکے تاجروں اورمری کے لوگوں کاروزگا رچھین لیا گیا جسے اہالیان مری، تاجراورکاروباری حلقے قبول نہیں کرینگے ۔ انجمن تاجران معاشی قتل کی اجازت نہیں دے گی۔ حکومت نے سیاحت پرپابندی ختم نہ کی توآج (ہفتہ) مری میں مکمل شٹرڈاؤن اورایکسپریس وے مسیاڑی چوک پر دن بارہ بجے دھرنے دیاجائیگا۔