ہائیکورٹ : ایف آئی اے کو بشیر میمن کیخلاف کارروائی سے روک دیا
لاہور( کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ معاملے پر ایف آئی اے کو بشیر میمن کیخلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ماڈل صوفیہ مرزا کے کیسز میں تحقیقات نہ کرنے کے الزام میں ایف آئی اے نے طلب کیا ہے ،تینوں مقدمات میں براہ راست نامزد نہیں ہوں ،ٹرائل عدالت سے عبوری ضمانت کے بعد شامل تفتیش ہو چکا ہوں ۔ بشیر میمن کے مطابق خدشہ ہے کہ 3 مقدمات کے علاوہ بھی ایف آئی اے نے مقدمات بنائے ہوں لہذا معلومات تک رسائی قانون کے تحت تمام مقدمات کی دستاویزات فراہم کی جائیں اور درخواست کے حتمی فیصلے تک ایف آئی اے کو تادیبی کارروائی سے بھی روکا جائے ۔
عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرکے تین فروری کو جواب طلب کر لیا۔ادھرلاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت خارج ہونے پر خاتون ملزمہ نے بھی دوڑ لگا دی پولیس اہلکاروں کو چکمہ دیکر خاتون ملزمہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی ۔لاہور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت کو بتایا گیا کہ بتول نامی عورت پر سرگودھا میں اغوا برائے تاوان کا جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج ہے ، عدالت ضمانت کی توثیق کرے ، تفتیشی نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ تفتیش میں قصور وار پائی گئی ہے جس کے بعد عدالت نے ملزمہ کی عبوری ضمانت خارج کردی فیصلہ سنتے ہی ملزمہ نے گرفتاری سے بچنے کے لیے احاطہ عدالت میں دوڑ لگا دی۔