منی لانڈرنگ: عدالتی اختیار پر اعتراض منظور، چالان واپس

منی لانڈرنگ: عدالتی اختیار پر اعتراض منظور، چالان واپس

لاہور (کورٹ رپورٹر)بینکنگ کورٹ نے صدر ن لیگ شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں ایف آئی اے کا عدالتی اختیار پر اعتراض منظور کرلیا اور چالان واپس کرتے ہوئے متعلقہ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

 عبوری ضمانتوں کی سماعت کے موقع پر شہباز شریف عدالت پیش نہ ہوئے اور حاضری معافی کی درخواست دائر کی ، جسے عدالت نے منظور کرلیا،عدالتی استفسار پر ایف آئی اے نے بینکرز کے کردار کے حوالے سے رپورٹ جمع کرائی اور کہا تفتیش میں بینکرز کا کردار ثابت نہیں ہوسکا، عدالتی اختیار پر وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے چالان واپس کردیا اور سات روز میں متعلقہ عدالت میں چالان دائر کرنے کا حکم دے دیا جبکہ عدالت نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو سات روز کیلئے عبوری ضمانت دے دی اور قرار دیا کہ جہاں ایف آئی اے چالان جمع کرائے ملزمان اسی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کریں۔

عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا عثمان بز دار کرپشن خود کروا رہے ہیں ،ایوان وزیر اعلیٰ میں کرپشن کے ریٹ طے ہورہے ہیں،عوام سے گزارش کرتا ہوں ہم عمران نیازی کا سڑ کوں پر گھیرا تنگ کریں گے ، فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے حقائق چھپائے ، جو ہم پر الزام لگاتا ہے کہ منی لانڈرنگ کی ہے ، اس کی خود منی لانڈرنگ ثابت ہورہی ہے ،ہماری معیشت سسکیاں لے رہی ہیں پٹرول کی قیمتیں مزید بڑھنے جا رہی ہیں ملکی تاریخ کی بلند سطح پر پٹرولیم کی قیمتیں پہنچ جائیں گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں