کورونا:بوسٹر ڈوز کیلئے عمرکی حد18سال مقرر

کورونا:بوسٹر ڈوز کیلئے عمرکی حد18سال مقرر

لاہور ،اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ،اپنے سٹی رپورٹر سے ،اے پی پی،خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ) این سی او سی نے بوسٹر ڈوز کے لیے عمر کی حد 18سال مقرر کردی۔

کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 28.8 فیصد پر پہنچ گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بیان جاری کیا کہ 18 سال سے زائد عمر کے افراد آج سے بوسٹرڈوز لگواسکتے ہیں۔مکمل ویکسی نیٹڈ افراد 6 ماہ بعد بوسٹر ڈوز لگوا سکتے ہیں۔ اس سے قبل30 سال کی عمر کے افراد بوسٹر ڈوز کے اہل تھے ۔دوسری جانب ملک بھر میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا سے 7 اموات ہوئیں جبکہ3 ہزار 567افراد کورونا میں مبتلا ہو گئے ۔ ملک بھر میں کیسز مثبت آنے کی مجموعی شرح 7.3فیصد رہی۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا 12 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کی نصف تعداد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے ۔ بچاؤ کے لیے ہمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں ۔ادھر لاہور میں کیسز کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ 24گھنٹوں کے دوران 584 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 9.6 فیصد رہی۔ دوسری جانب کراچی میں تشویشناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، مثبت کیسز کی شرح 28.8 فیصد پر پہنچ گئی۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے میں مزید 2 ہزار 289 کیسز رپورٹ ہوئے ، جن میں سے 2 ہزار 81 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے ۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا این سی او سی کی مشاورت سے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرینگے ۔ خود فیصلہ کریں تو لوگوں کو اعتراض ہوتا ہے ۔اومی کرون کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے فی الحال لاک ڈاؤن یا پابندیاں نہیں لگا رہے ، تعلیمی اداروں پر پابندی کے لیے این سی او سی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔اومی کرون کے تدارک کے لئے پشاور اور دیگر شہری مراکز میں بڑے اجتماعات و تقریبات کے انعقاد پر پابندی عائدکر دی گئی ہے ۔ اس امر کا اعلان محکمہ داخلہ و قبائلی امور حکومت خیبرپختونخوا کے صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے نام جاری کردہ ایک مراسلے میں کیا گیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں