کابینہ ارکان کو ای سی ایل پر ڈالا جائے :پی ٹی آئی رکن نور عالم

کابینہ ارکان کو ای سی ایل پر ڈالا جائے :پی ٹی آئی رکن نور عالم

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ، دنیا نیوز )پاکستان کی قومی اسمبلی میں حکمران جماعت تحریک انصاف کے رکن نور عالم خان نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی کابینہ کے ارکان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)میں شامل کیے جائیں۔

 انھوں نے کہا اگر ان کے نام ای سی ایل میں ہوں تو ملک ٹھیک ہو جائے گا۔قومی اسمبلی اجلاس میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے نور عالم خان نے کہا ایوان میں پچھلی سیٹوں پر بیٹھے ارکان کو بھی بولنے کا حق ہے ۔ جو حالات بنے ہیں ایوان کی اگلی تین قطاریں ذمہ دار ہیں۔ کیا میں پاکستانی نہیں ہوں؟ کیا پشاور اس ملک کا ضلع نہیں ہے ؟ کیا میانوالی، سوات اور صوابی ہی اس ملک کے اضلاع ہیں؟ پشاور میں 22 گھنٹے بجلی جاتی ہے ۔

کیا میں صرف ووٹ دینے کیلئے ہی ہوں؟ اس ایوان کی نشستوں کی اگلی تین قطاروں کے نام ای سی ایل میں ڈال دیں سب ٹھیک ہوجائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ کل کے اجلاس میں اپوزیشن کا نقطہ نظر ٹھیک طریقے سے سامنے آیا۔ کل اپوزیشن نے احتجاج کیا اوران کا یہ حق ہے ۔ مجھے دکھ ہے جو آخری 15 منٹ میں ہوا۔ جو سپیکر چیئر کے ساتھ ہوا اس طرح ہم سب کی عزت کم ہوتی ہے ۔

جواب میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے کہا کہ جو کچھ منی بجٹ کی منظوری کے دوران سپیکر کی کرسی نے رولز کے ساتھ کیا وہ قابل افسوس تھا۔اس نے جنرل پرویزمشرف کے دور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ آپ نے دوسو ارب ڈالر لانے اور قرض داروں کے منہ پر مارنے تھے ۔ آپ نے پورا سٹیٹ بینک ان کے منہ پر مار دیا۔ کل اس ایوان میں ڈھاکہ سے بڑا سرنڈر کیا گیا ہے ۔ تاریخ آپ کو معاف نہیں کرے گی۔بعد ازاں اجلاس سوموار تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں