آئی ٹی شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات موجود :عارف علوی

آئی ٹی شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات موجود :عارف علوی

اسلام آباد (سیا سی رپورٹر)صدر عارف علوی نے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے آئی ٹی کی صنعت کی ترقی اور نوجوانوں کو تربیت یافتہ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں ہواوے کے زیر اہتمام منعقدہ مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر نے کہاکہ پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی ماہرین کو تیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انٹرنیٹ اور امیزون کے ذریعے گھر سے ہی کاروبار کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 450یونیورسٹیوں کے 15ہزار طلبہ نے ہواوے آئی سی ٹی مقابلہ2021 میں شرکت کی اور اپنی صلاحیت منوائی۔

صدر نے کامیاب ہونے والی ٹیم کو ہواوے کی جانب سے 20 ہزار ڈالر کا چیک بھی دیا۔علاوہ ازیں صدر عارف علوی نے ترقیاتی شراکت داروں اور عالمی برادری پر زور دیاہے کہ وہ معذوروں کی زندگیوں میں آسانی لانے کیلئے اجتماعی کوششیں کریں ، پاکستان اس معاملہ پر عالمی برادری کی توجہ دلانے کیلئے عالمی سطح پر کوششوں میں سب سے آگے ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوسرے معذوری سربراہ اجلاس کے تناظر میں معاون ٹیکنالوجی (اے ٹی)کو متحرک کرنے کے موضوع پر تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں