نواز شریف خود کو حوالے کریں ،عزت سے واپس لائینگے :شہزاد اکبر

نواز شریف خود کو حوالے کریں ،عزت سے واپس لائینگے :شہزاد اکبر

لاہور (سیاسی رپورٹر سے ،نیوزایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا نواز شریف خود کو ہائی کمیشن کے حوالے کریں انہیں عزت سے واپس لائیں گے۔

 شہباز شریف منی لانڈرر ہیں یہ بات طے ہے ، ان کے مہنگے وکلاناکام ہوگئے ، بلاول غیرسنجیدہ کردار ہیں، ان کا جواب دینا نامناسب ہے ، حریم شاہ کیخلاف انکوائری شروع کردی ہے ،منی لانڈرنگ پر مذاق نہیں بنتا،ان خیالات کا اظہار انہوں ایوان وزیر اعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا سلمان شہباز کا برطانیہ میں کیا سٹیٹس ہے یہ بڑا اہم سوال ہے ،ایف آئی اے کا ماننا ہے کہ بینکرز کا کردار بطور ریگولیٹری ناکام تھا تاہم بینکرز کے ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ہے ،رپورٹ سٹیٹ بینک کو پیش کر دی۔

سٹیٹ بینک اپنی ریگولیٹری پالیسی کے تحت کارروائی کر سکتا ہے ،شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ان سے اس بارے میں نہ پوچھا جائے ،آپ بچوں کے والد ہیں کیسے نہ پوچھیں، آپ کے وزیراعلیٰ ہوتے ہوئے بچوں کے کاروبار دن دگنی رات چگنی ترقی کرتے ہیں، نظام میں کمزوری ہے لیکن کیسز بہت مضبوط ہیں،ہائوس آف شریف میں تبدیلی دیکھ رہا ہوں کیونکہ ہر ہفتے قیادت کرنے والا گھوڑا تبدیل ہوجاتا ہے ،شہباز شریف کے اقتدار کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ نواز شریف ہیں، نواز شریف ملک دشمن عناصر سے ملاقات کر سکتے ہیں تو واپس کیوں نہیں آسکتے ،انہوں نے کہا حریم شاہ پر ایف آئی اے نے نوٹس لیا ہے اور انکوائری شروع کی ہے ،منی لانڈرنگ پر مذاق نہیں بنتا،برطانوی ایجنسی سے بھی یہ ویڈیو شیئر کی گئی ہے تاکہ وہ بھی ریکارڈ دیکھیں،ایسی چیز مذاق کے قابل نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں