ترقی پذیر ممالک سے لوٹے گئے اثاثے بلاتاخیر واپس کئے جائیں:شاہ محمود

ترقی پذیر ممالک سے لوٹے  گئے اثاثے بلاتاخیر واپس  کئے جائیں:شاہ محمود

اسلام آباد (وقائع نگار، این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک سے کھربوں ڈالرز کی ناجائز دولت کا بہاؤہے جس کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کی شرح نمو اور ترقی حاصل کرنے کی صلاحیت متاثر ہورہی ہے ۔

ترقی پذیر ممالک سے لوٹے گئے اثاثہ جات بلاتاخیر اور بلاہچکچاہٹ واپس کئے جائیں،ہمیں منی لانڈرنگ اور ٹیکس تعاون سے متعلق نئے قوانین بنانا ہوں گے اور اقوام متحدہ کی باڈی قائم کرنا ہوگی جو ایف اے سی ٹی آئی پینل کی سفارشات کے مطابق ناجائز سرمائے کے بہاؤ کی نگرانی کرنے کے علاوہ اس کی روک تھام اور واپسی میں کردار ادا کرے ،ہمارے ممالک کو توانائی، ٹرانسپورٹ، مینوفیکچرنگ، زراعت میں ضروری ڈھانچہ کی تیاری کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی۔77

اور چائنہ گروپ کی سربراہی سنبھالنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، شاہ محمود نے کہاکہ پاکستان کی طرف سے میں گروپ کے 134 ارکان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اس پر آشوب دور میں ‘جی۔77’ اور چائنہ ’ گروپ کی سربراہی کے لئے میرے ملک پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ ترقی پذیر ممالک کو کم از کم 4.3 ٹریلین ڈالر کی مدد کی ضرورت ہے ، ترقی پذیر ممالک میں پائیدار انفراسٹرکچر کے لئے سالانہ 1.5 ٹریلین ڈالر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ۔ علاوہ ازیں ہواوے ٹیکنالوجیزکے نائب صدر (مڈل ایسٹ ریجن) "وانگ شن لی" نے وفد کے ہمراہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمہوریہ کانگو کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل سکابوے اسیندا فال نے بھی وزارتِ خارجہ میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں