کورونا نے قابو : کراچی میں مثبت شرح 40فیصد، لاہور میں کیسز دوگنا : اسلام آباد میں 2 تعلیمی ادارے بند

کورونا نے قابو : کراچی میں مثبت شرح 40فیصد، لاہور میں کیسز دوگنا : اسلام آباد میں 2 تعلیمی ادارے بند

لاہور، اسلام آباد ،کراچی(نیوزرپورٹر،ہیلتھ رپورٹر،سٹاف رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں) کورونا بے قابو ہونے لگا، ملک بھر میں دوسرے روز بھی 4ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ۔

 کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 40فیصد تک جا پہنچی۔لاہورمیں کیسزدوگنا تک بڑھ گئے ،کیسز سامنے آنے پر اسلام آباد میں 2 تعلیمی ادارے بند کر دئیے گئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید 9مریض جاں بحق ہو گئے جبکہ 4ہزار27 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ مثبت کیسز کی مجموعی شرح 7.8فیصد ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 12 وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں ۔ کل 2 کروڑ 41 لاکھ 36 ہزار 709 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔7 کروڑ 66 لاکھ 49 ہزار 649 افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے ۔ وزارت صحت سندھ کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ہونے والے 95فیصد کیسز اومی کرون کے ہیں ،کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 39.39 فیصد رہی۔کراچی میں مزید 2412 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

حیدرآباد میں شرح آٹھ فیصد سے بڑھ گئی۔ سندھ بھر میں مجموعی کیسز کی شرح 22 فیصد سے زائد رہی۔کراچی میں ایک اور ڈاکٹر کورونا کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق ڈاکٹر پروفیسر صلاح الدین شیخ ہسپتال میں زیر علاج تھے ، اسلام آباد میں اومی کرون کے 250سمیت کوروناکے مجموعی طور پر 366 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے ۔ یہاں مثبت کیسز کی شرح 7فیصد ہو گئی ہے ۔ پنجاب میں چوبیس گھنٹوں میں اومی کرون کے مزید 30 کیسز رپورٹ ہوئے ،لاہور سے نئے ویرینٹ کے مزید28مریضوں سے مجموعی تعداد 432 ہوگئی ہے ۔صوبائی دارالحکومت سے کورونا کے 669 ، راولپنڈی سے 96 ،فیصل آبادسے 17 جبکہ گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سے 11 گیارہ کیسز رپورٹ ہوئے ۔پنجاب میں مثبت کیسز کی مجموعی شرح 4فیصد ریکارڈ کی گئی ۔

دوسری جانب کورونا سے متعلق آج این سی او سی نے وزرائے تعلیم کا اہم اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے جس میں تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے فیصلے کئے جانے کا امکان ہے ۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کو کورونا کی 5ویں لہر نے جکڑ لیا ،کیسز 2گنا تک بڑھ گئے ۔ لاہور میں 3 سے 9 جنوری تک ہفتے بھر میں 1931 کیسز ریکارڈ ہوئے تھے ،10 تا 16 جنوری تک کیسز کی تعداد تشویشناک حدتک بڑھ گئی ۔اس دورانیے میں 3774 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔باغوں کے شہر میں روزانہ اوسطاً 540 کیسز آ رہے ہیں ،مثبت کیسز کی شرح 8.2 فیصد کی خطرناک حد تک جا پہنچی۔

اسلام آباد میں جی سکس ون فور سکول برائے طالبات ا ور اسلام آباد ماڈ ل کالج برائے طالبات ایف سکس ٹو میں کوروناوائرس کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد حفاظتی اقدامات کیلئے مذکورہ سکول اور کالج کوبند کردیاگیا ۔ آزاد کشمیر کے ضلع میرپور میں 8 اور مظفرآباد میں 2 کیسز رپورٹ ہو ئے ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں