سری نگر پریس کلب پر قبضہ، بھارتی دہشتگردی کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتی : دفتر خارجہ

سری نگر پریس کلب پر قبضہ، بھارتی دہشتگردی کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتی : دفتر خارجہ

اسلام آباد (وقائع نگار)پاکستان نے کشمیر پریس کلب پر مبینہ قبضے سمیت مقبوضہ جموں و کشمیر میں صحافیوں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کو ہراساں کرنے ، غیر قانونی گرفتاریوں اور جعلی مقدمات کے اندراج کی مذمت کی ہے ۔

دفتر خارجہ نے بیان میں کشمیر پریس کلب پر مبینہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے اپنے گھناؤنے جرائم اور انسانیت سوز مظالم کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو زبردستی خاموش کرانے کے لئے طاقت اور جبر کا وحشیانہ استعمال انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عکاسی کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی دہشت گردی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے عزم کو کبھی کمزور نہیں کر سکتی ،دفترخارجہ نے بین الاقوامی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں اور سول سوسائٹی کے دیگر کارکنوں کو ہراساں اور ان کی غیر قانونی گرفتاریوں پر بھارت سے جواب طلب کریں، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہندوستان میں بسنے والے 20 کروڑ سے زیادہ مسلمانوں کی زندگیوں کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

بھارت میں مسلسل آر ایس ایس، بی جے پی انتہا پسند "ہندو توا" نظر ئیے کا پرچار کیا جا رہا ہے ،پاکستان متواتر اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے لئے سنگین نتائج سے خبردار کرتا رہا ،ڈاکٹر سٹینٹن نے ہندوستان میں مسلم نسل کشی کے عمل کو تفصیلاً بیان کیا ، ڈاکٹر سٹینٹن نے زور دیا کہ بھارت میں ہندتوا نظر ئیے کے مقابلے کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے ڈاکٹر اسٹینٹن نے خبردار کیا کہ ہندو توا کے حوالے سے کچھ نہ ہوا تو بھارت میں نسل کشی ہو سکتی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صحافیوں کی سب سے بڑی انجمن کشمیر پریس کلب کے دفتر کوپندرہ جنوری کے روز مسلح پولیس اہلکاروں کی مدد سے زبردستی اپنے قبضہ میں لے لیاگیا ، بھارت نواز صحافیوں سلیم پنڈت، ذوالفقار مجید اور ارشد رسول کی قیادت میں صحافیوں کے ایک گروپ نے پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں کشمیر پریس کلب کو اپنے قبضے میں لیا اور جمہوری طریقے سے منتخب ہونے والی سابقہ باڈی کو نکال باہر کر دیا ۔

 ادھرجموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سفاک بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی وسیع پیمانے پر نسل کشی پر بھارت کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ سرینگر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے ترجمان غلام نبی شاہین نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کو سیاسی نظربندوں کے اہلخانہ کے ذریعے انکی صحت کے بارے میں پریشان کن اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ، انتظامیہ تمام کشمیری سیاسی نظربندوں کو انسانی بنیادوں پر رہا کرے ۔دریں اثنا بھارتی فوج نے صحافی سجاد گل کو ضمانت کے باوجود دوسرے مقدمے میں پھنسا کر پابند سلاسل کردیا،انہیں ایک کشمیری نوجوان کی شہادت پر ویڈیو وائرل کرنے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا تھا،حریت تنظیموں نے قابض انتظامیہ کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کی ہے ،علاوہ ازیں ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے بھی کشمیر پریس کلب میں بغاوت کی مذمت کی ہے ۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیر پریس کلب میں ریاستی سرپرستی میں بغاوت نے بدترین آمروں کو شرمندہ کر دیا ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں