مری میں سیاحوں کی آمدشروع،رونقیں جزوی بحال

مری میں سیاحوں کی  آمدشروع،رونقیں جزوی بحال

مری،راولپنڈی(نمائندہ دنیا،نیوز رپورٹر، خبرنگار)ملکہ کوہسار مری میں اگلے 48 گھنٹے میں متوقع برفباری کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر مری محمد عمر مقبول کی صدارت میں جناح ہال میں اجلاس ہوا۔

 اجلاس میں پاک آرمی، سٹی ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122، جنگلات، محکمہ صحت، محکمہ ہائی وے ، میونسپل کارپوریشن اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ طویل مشاورت کے بعد بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی پلان ترتیب دیا گیا، جناح ہال میونسپل کارپوریشن مری میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے جو 24 گھنٹے کام کریگا۔

ادھر پنجاب حکومت کی ہدایات پر ہفتہ کے روز چار بجے مری میں سیاحوں کے داخلے پر عائد پابندی کو ختم کردیا گیا تھا، سیاحوں کی آٹھ ہزار گاڑیوں کومری داخل ہونے کی اجازت ہوگی شام پانچ سے صبح 5 بجے تک سیاحوں کے مری میں داخلہ پر پابندی ہوگی، ادھر ملکہ کوہسار میں گزشتہ روز شام تک ایک ہزار سیاحوں کی گاڑیاں داخل ہوئیں، ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر تحصیل انتظامیہ اوردیگر ادارے الرٹ ہیں، پابندی ختم ہونے کے بعد مری کی رونقیں کچھ بحال ہوگئیں، متوقع برفباری کے پیش نظر جامع ٹریفک پلان جاری کردیا گیا، ٹر یفک اور ضلعی پولیس کے 268 اہلکار فرائض سر انجام دینگے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں