گورنر کا ننکانہ میں آب پاک کے 25منصوبوں کا اعلان

گورنر کا ننکانہ میں آب پاک کے 25منصوبوں کا اعلان

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )گورنر پنجاب چودھری سرور نے سانگلہ ہل اور شاہ کوٹ سمیت ضلع ننکانہ کے دیگر علاقوں میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے تحت 25منصوبوں کا اعلان کردیا۔

سرور فائونڈیشن سانگلہ ہل میں 5فلٹریشن پلانٹ لگائے گی۔ گورنر پنجاب نے سانگلہ ہل میں میراج پورہ روڈ کا سنگ بنیاد رکھا اور چک بوریہ میں فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح بھی کردیا۔ گورنر نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا عمران خان کی قیادت میں ہماری حکومت کا مشن ملک کو مہنگائی، بے روزگاری جیسے مسائل سے نجات دلانا ہے ، احساس پروگرام اور انصاف صحت کارڈ جیسے منصوبے غریب عوام کے لئے تحفہ ہیں۔ عوام کو ہیپاٹائیٹس جیسی مہلک بیماریوں سے بچانے کے لئے ہم پنجاب کے ہر فرد کو پینے کا صاف پانی فراہم کررہے ہیں۔

میں نے آج تک کوئی بھی کام سیاسی فائدے کے لئے نہیں کیا بلکہ صرف انسانیت کی خدمت میری زندگی کا مشن ہے ۔ سانگلہ ہل اور شاہکوٹ کے عوا م نے جو پیا ر اور محبت دی ہے اس کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا ۔ گورنر نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 15سو سے زائد منصوبے مکمل ہورہے ہیں ۔آب پاک کے منصوبوں میں کسی قسم کی سیاسی تفریق نہیں ہورہی بلکہ تمام منصوبے سو فیصد شفاف طریقے سے لگائے جارہے ہی، کسی منصوبے میں ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں کرنے دیں گے ۔ تحریک انصاف کی حکومت متحد ہے ، سیاسی مخالفین کے دبائو میں پہلے کبھی آئے ہیں اور نہ ہی آئندہ آئیں گے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں