پاکستان کی سیاست ڈیلوں سے وابستہ رہی ہے :تھنک ٹینک
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )سینئر تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ عمران خان نے کوئی ڈیل نہیں کرنی ۔
پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’ کی میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مشرف ڈیل کرکے بھی پچھتاتے رہے ،یہ ڈیل کرینگے تو اپنا منہ کالا کرینگے ،ڈیل ہوئی تو پی ٹی آئی کی پوری سیاست ختم ہوجائے گی ۔شیخ رشید کی سیاست بیانات پر مبنی ہے ۔شیخ رشید دونوں شریفوں کو مکھن لگاتے رہے ہیں ۔پرویز مشرف ڈیل کے تحت بے نظیر کو لائے ۔اس میں زیادہ کردار امریکا کا رہا ۔عمران خان کیوں ڈیل کرے گا ۔دنیا نیوز کے ایگزیکٹو گروپ ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں پاکستان کی سیاست ڈیلوں سے وابستہ رہی ہے ۔جب حکومت مضبوط ہو تو ان کو ڈیل کی بات کرنے کی ضرورت نہیں ۔
پورے ملک میں کھاد بلیک میں مل رہی ہے ضلعی نمائندے حکومت کی بات نہیں سن رہے ۔سیاسی قوتوں کو آمریت ختم نہیں کرسکتی ،پرویز مشرف دور میں بے نظیر واپس آئیں ،پھر نواز شریف آئے اور وزیر اعظم بھی بنے ۔ماہر سیاسیات ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست کو ٹیکسٹ بک اپروچ سے دیکھیں گے تو ڈیلیں نظر آئیں گی ۔یہاں کی سیاست اصولی ہے اور نہ ہی نظریاتی ہے ۔ انہوں نے کہا بڑے لوگوں کے اقتدار کی جنگ ہے ،مخالف کو مات دینے کیلئے عوام کے ووٹ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ذاتی مفادات والے لوگ جس پارٹی کو چاہیں لانے کی کوشش کرتے ہیں ۔اسے ڈیل کا نام دیں یا کوئی اور؟ یہ ہمارا انداز سیاست ہے ۔اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیوروچیف خاور گھمن نے کہا کہ جنرل ایوب کی تصویر لے کر ذوالفقار بھٹو الیکشن لڑے تھے ،نواز شریف جنرل ضیا کی تصویر لے کر گھومتے رہے ،زمینی حقائق یہ ہیں کہ پاکستانی سیاست میں کوئی انقلابی تبدیلی نہیں آرہی ہے ۔
مجھے نہیں لگتا کہ ایک پیج پھٹ گیا ہے یا پھٹے ادھر اُدھر ہوگئے ہیں،سب اپنی جگہ موجود ہیں ۔کہیں دراڑ نہیں ،آگے بھی معاملات ایسے ہی چلیں گے ۔شریف خاندان نے ایک سے زیادہ مرتبہ ڈیل کی ۔شریف خاندان اس حوالے سے ماہر ہے ۔وزیر اعظم کے پاس ڈیل کا اختیار ہوتا ہے ،ایسا نہیں کہ کچھ ہاتھ میں نہیں ہوتا۔