3900 ووٹنگ مشینیں الیکشن کمیشن کو دی جائیں:وزیر اعظم

3900 ووٹنگ مشینیں الیکشن کمیشن کو دی جائیں:وزیر اعظم

اسلام آباد(وقائع نگار،خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو 3900 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ای وی ایم پر انتخابات کے لیے وزیراعظم آفس کی مدد چاہیے ہو تو وہ بھی حاصل کی جائے ۔

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 15 اپریل کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت سے 3 ہزار 900 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں مانگی ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے پی آئی اے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

وزیر اعظم کی صدارت میں ہوابازی کے شعبے سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا جس میں وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔عمران خان نے سیالکوٹ کی تاجر برادری کی جانب سے سری لنکا کے پریانتھا کمارا کی بیوہ کو ایک لاکھ ڈالرامداد کی منتقلی اور راجکو انڈسٹریز کی جانب سے ماہانہ دوہزار ڈالر تنخواہ کی ادائیگی کے عمل کو قابل تعریف قرار دیا ہے ۔

وزیر اعظم نے منگل کو اپنے ٹویٹ میں اس اقدام کو بھی سراہا کہ راجکو انڈسٹریز کی جانب سے پریانتھا کماراکی بیوہ کو دس سال تک یہ تنخواہ دی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں