3سالہ کارکردگی : بزدار تمام وزرائے اعلی سے آگے : 51فیصد لوگ مطمئن

3سالہ کارکردگی : بزدار تمام وزرائے اعلی سے آگے : 51فیصد لوگ مطمئن

لاہور (سیاسی رپورٹر سے ، ایجوکیشن رپورٹر )انسٹی ٹیوٹ آف پبلک اوپینیئن نے چاروں وزرا ئے اعلیٰ کی کارکردگی کے بارے میں نیا سروے جاری کردیا ۔

 سروے کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار 3سالہ کارکردگی کے لحاظ سے تمام وزرائے اعلیٰ سے آگے ہیں اور رائے دہندگان کی اکثریت نے عثمان بزدار کوسب سے بہتر وزیراعلیٰ قرار دیا ہے ۔ڈویلپمنٹ کے لحاظ سے 51فیصد لوگ وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ۔45فیصد رائے دہندگان نے مجموعی کارکردگی کے لحاظ سے عثمان بزدار کو سب سے بہترین وزیراعلیٰ قراردیا ۔خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان دوسرے ،سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ تیسرے اور بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو چوتھے نمبر پر رہے ۔ خیبر پختونخوا کے 41فیصد نے وزیراعلیٰ محمود خان، سندھ کے 38فیصد نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور بلوچستان کے 32فیصد رائے دہندگان نے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے حق میں رائے دی، سروے میں عثمان بزدار نے تعلیم،صحت کی سہولتوں کی فراہمی اور ڈویلپمنٹ کے لحاظ سے بھی دیگر وزرا ئے اعلیٰ کو پیچھے چھوڑ دیا ۔

رائے دہندگان کی اکثریت نے بزدار کے حق میں رائے دی اور 86فیصد رائے دہندگان ان کی قیادت میں تعلیم کی سہولتوں کے اقدامات پر مطمئن ہیں جبکہ اسی حوالے سے خیبر پختونخوا حکومت80فیصد، بلوچستان حکومت 62 فیصداورسندھ حکومت 58فیصد رائے دہندگان کا اعتماد حاصل کر سکی ۔ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں بھی بازی لے گئی۔ سروے میں وزیراعلیٰ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی سرفہرست رہے ، ڈویلپمنٹ کے لحاظ سے پنجاب میں 51فیصد لوگ وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ۔ وزیراعلیٰ سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی جس میں کورونا کی پانچویں لہرسے عوام کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کورونا مریضوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی۔ عثمان بزدارسے ایم این اے ظہورقریشی اورچیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں ترقی کا جھانسہ دیاگیا،حقیقی ترقی کادوراب شروع ہوا ہے ۔ پنجاب ہائرایجوکیشن کمیشن کے نئے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر منصور احمد بلوچ نے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں