کورونا : مزید 5ہزار کیسز، تعلیمی ادارے ہفتے میں 3دن کھولنے کی تجویز

کورونا : مزید 5ہزار کیسز، تعلیمی ادارے ہفتے میں 3دن کھولنے کی تجویز

اسلام آباد،لاہور(خصوصی نیوز رپورٹر،نیوز رپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹر سے ، دنیا نیوز)ملک میں یومیہ کیسز 4ماہ بعد پھر 5ہزار سے تجاوز کر گئے جبکہ 10افراد جان کی بازی ہار گئے ۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔ملک بھر میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے کیسز میں اضافے کے بعد تعلیمی اداروں کو ہفتے میں 3 دن کھولنے کی تجویز سامنے آگئی ،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی )کا دوسرا اہم اجلاس ہوا جس میں تعلیمی اداروں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں نئی بندشوں کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غورآئیں،جن میں تعلیمی اداروں کو ہفتے میں 3 دن کرنے اور اسلام آباد میں 7 روز کیلئے سکولز کو آن لائن کرنے کی بھی تجویز شامل تھی، اجلاس میں ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

این سی او سی نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹنگ مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا،اس دوران بارہ سال سے زائد عمر کے تمام طالب علموں کی ویکسی نیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔این سی او سی نے اپنے ٹویٹ میں جعلی ٹویٹر اکائونٹ سے تمام پرائمری سکولوں کی بندش سے متعلق جاری ہونے والی خبر کی وضاحت کرتے ہوئے اسے جھوٹا قرار دیا اور کہا وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )کے سائبر کرائم ونگ کے ذریعے اس اکائونٹ کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے ، این سی او سی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق فیصلہ کیسز کی مثبت شرح کو دیکھ کر کیا جائے گا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک میں گزشتہ روز مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ چار پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی، اموات کی تعداد 29 ہزار 29 اور تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 33 ہزار 521 ہوگئی۔

24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 34 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، ملک بھر میں اب تک 12 لاکھ 64 ہزار 611 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 827 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔گزشتہ روز پنجاب میں کورونا سے ایک شخص دم توڑ گیا جس کا تعلق لاہور سے بتایا گیا ہے ، لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 12.9، راولپنڈی میں 7.6، فیصل آباد میں 1.1، ملتان میں 2.6اور سیالکوٹ میں 2.2 فیصد ریکارڈ کی گئی،کراچی میں ایک روز بعد ہی مثبت کیسز کی شرح پھر 39 فیصد پر پہنچ گئی، اسلام آباد میں ایک روز میں 479کیسز رپورٹ ہوئے ، مثبت کیسز کی شرح 8.86فیصد ہوگئی، اومی کرون کے کیسز بڑھ کر 1100سے زائد ہوگئے ، اسلام آباد میں مزید 9سکولوں کو سیل کردیا گیا، جس سے اسلام آباد میں سیل ہونے والے تعلیمی اداروں کی تعداد 17 ہو گئی۔ 

شہباز شریف کے ترجمان ملک محمد احمد کی کورونا رپورٹ مثبت آئی ہے ، انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیاہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں