زرداری کی فضل الرحمن کولانگ مارچ میں شرکت کی دعوت

زرداری کی فضل الرحمن کولانگ مارچ میں شرکت کی دعوت

اسلام آباد( طارق عزیز ) حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان طویل عرصے بعد ٹیلی فو نک رابطہ ہوا جس میں آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمن کو دعوت دی کہ وہ خود اور ن لیگ ،پیپلز پارٹی کے 27فروری کے لانگ مارچ میں نہ صرف شامل ہوں بلکہ ن لیگ سمیت اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو بھی اس کیلئے قائل کریں،

زرداری نے کہا کہ دو لانگ مارچ سے اپوزیشن تقسیم اور کمزور ہوگی جس کا فائدہ حکومت اورتحریک انصاف کو ہوگا۔ انہوں نے تجویز دی جس طرح اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ کے اندر متحد ہیں اسی طرح پارلیمنٹ کے باہر بھی متفقہ اور مشترکہ حکمت عملی ہونی چاہئے جس کا مقصد وزیر اعظم کو گھربھیجنا ہے ، نواز شریف اور مولانا فضل الر حمن ان ہاؤس تبدیلی کے لئے مکمل طور پر تاحال رضامند نہیں ہیں ،زرداری نے مولانا فضل الرحمن کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ تحریک عدم اعتماد کا آئینی اور قانونی راستہ اختیار کرنے میں تا خیر نہ کی جائے ۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران پنجاب حکومت کی تبدیلی بھی زیر بحث آئی ،وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد بارے بھی مشاورت ہوئی ،آصف زرداری نے فضل الرحمن کو کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کی کامیابی پر مبارک باد دی ، فضل الرحمن نے زرداری سے کہا کہ وہ یہ سارا معاملہ 25 جنوری کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں شرکا کے سامنے رکھیں گے ، بطور اتحاد سربراہ وہ دیگر جماعتوں سے مشاورت کے پابند ہیں اور ا کیلے فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں