پنجاب یونیورسٹی:2طلباء تنظیموں میں جھگڑا،3زخمی
لاہور(خبر نگار سے ،ایجوکیشن رپورٹر )پنجاب یونیورسٹی میں 2طلباتنظیموں میں جھگڑا ہواجس کے باعث 3 طالبعلم زخمی ہوگئے ۔
جھگڑا ہیلے کالج میں بلڈ کیمپ لگانے پر ہوا۔ایک تنظیم نے کیمپ لگایاتودوسری نے اس پراعتراض کیا جس کے نتیجے میں دونوں تنظیموں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں سے حملہ کیا۔زخمی خیام خان،میاں وقار،ساجن فیاض گوندل کوجناح ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ گارڈز کے مطابق کچھ طلبا کے ہاتھوں میں اسلحہ اور خنجر بھی تھے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تفتیش جاری ہے ۔
ادھر پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا کہ چند شر پسند عناصر نے ہیلے کالج آف کامرس میں جھگڑا کر کے یونیورسٹی کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے جن پر مقدمات درج کرا رہے ہیں،معاملہ ڈسپلنری کمیٹی میں بھی بھیج دیا گیاہے ۔ ترجمان نے کہا کہ یونیورسٹی کے گارڈز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات سنبھالے ۔ یونیورسٹی انتظامیہ واقعہ میں ملوث طلباکو ڈسپلنری کارروائی کے بعد یونیورسٹی سے نکال دے گی ۔پنجاب یونیورسٹی ہاسٹلز ملازمین نے طلباء تنظیموں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کیخلاف وائس چانسلر آفس کے باہر احتجاج کیا، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا کر ایک تنظیم کیخلاف نعرے بازی کی ۔
مظاہرین کے مطابق طلباتنظیم نے 2 روز قبل ہاسٹلز ملازمین پر بدترین تشدد کیا۔مظاہرین نے چیف سکیورٹی آفیسر کی جانب سے یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کردیا۔