کل سے بارشوں کانیاسلسلہ،ہفتہ کومری میں شدیدبرفباری

 کل سے بارشوں کانیاسلسلہ،ہفتہ کومری میں شدیدبرفباری

لاہور،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر سے ،اپنے کامرس رپورٹر سے ،اپنے خبر نگار سے ،اپنے رپورٹر سے ،دنیانیوز)کل سے ملک بھرمیں بارشوں کانیاسلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے ،جبکہ ہفتے کومری میں شدیدبرفباری کاامکان ہے ۔

لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں تیزبارشوں کی پیش گوئی ہے ،جس کے بعد دھند میں کمی کاامکان ظاہرکیاگیاہے ۔ بدھ کو لاہورمیں ہلکی بارش ہوئی،55سے زائدلیسکوفیڈرزٹرپ کرگئے ،کئی علاقوں میں بجلی بند رہی۔شہر میں ہونے والی بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا، متعدد علاقے بجلی سے گھنٹوں محروم رہے ۔ شاد باغ ،شادی پورہ ،گھمٹی بازار ،ڈھولنوال ،واہگہ ،اکبری گیٹ ،شمع ،اچھرہ ،مومن پورہ ،کریم پارک ،بیگم کوٹ ،امین پارک ،غالب مارکیٹ ،گڑھی شاہو کے متعدد علاقوں میں بجلی بند رہی۔گزشتہ روزہونے والی بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا،بارش سے سائلین اور وکلا چیمبرز اور عدالتوں تک محدود ہو گئے ۔

ادھرملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ جمعہ کو داخل ہو گا جبکہ ہفتہ اوراتوار کو مری، گلیات، ناران، کاغان، ہنزہ، گلگت، سکردو، استور، چترال، دیر، سوات ،کوہستان،شانگلہ،بونیر،مانسہرہ، وادی نیلم، باغ، حویلی اورراولاکوٹ میں چند مقامات پر درمیانی / شدید برفباری کا امکان ہے ۔ہفتہ اور اتوار کوشدید برفباری کے باعث مری، گلیات،نتھیا گلی، کاغان، ناران، دیر، سوات، چترال، استور، سکردو، ہنزہ، گلگت، نیلم ویلی، باغ اور حویلی کے اضلاع میں رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے ،ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر اس مرتبہ 7 جنوری کو ہونے والی برفباری سے زیادہ برفباری کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے بعد ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ محکموں کو تیار رہنے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔

ہفتے کو تیز بارش کے باعث راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور،فیصل آباد،سرگودھا اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے ، اس دوران کشمیر، گلگت بلتستان،مری،گلیات اور خیبر پختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے بارشوں سے پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں کمی کا امکان ہے 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں