کاہنہ گھر میں گھس کر فائرنگ، لیڈی ڈاکٹر، بیٹا اور 2بیٹیاں قتل

کاہنہ گھر میں گھس کر فائرنگ، لیڈی ڈاکٹر، بیٹا اور 2بیٹیاں قتل

لاہور(خبر نگار سے ،سیاسی رپورٹرسے ،دنیا نیوز) کاہنہ کے علاقے میں نامعلوم افرادنے ماں کو دو بیٹیوں اور بیٹے سمیت گولیاں مار کر قتل کردیا ۔

مقتولہ کے گھر کے باہر مشکوک گاڑی کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔تفصیلات کے مطابق کاہنہ کے علاقے میں نامعلوم ملزمان نے لیڈی ڈاکٹر کے گھر گھس کر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر 45 سالہ ناہید مبارک ،20 سالہ بیٹا تیمور ،15 سالہ بیٹی ماہ نور فاطمہ اور 10 سالہ جنت فاطمہ جاں بحق ہو گئے ،ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ۔پولیس کے اعلیٰ افسربھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ ڈاکٹر ناہید نے گھر میں ہی کلینک بنا رکھا تھا ۔

مقتولہ کا بڑا بیٹا دوسرے گھر میں سویا ہوا تھا جس کے باعث محفوظ رہا ۔مقتولہ کے گھر کے باہر مشکوک گاڑی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے ۔ نامعلوم ملزم گھر میں داخل ہوئے ۔ تاہم پو لیس کا کہنا ہے کہ گاڑی ایک مریضہ کی تھی جو مقتولہ ڈاکٹر سے چیک اپ کروانے کے لیے آئی تھی ۔مشکوک گاڑی کو سیف سٹی کیمروں کی مدد سے تلاش کیا جارہا۔ ذرائع کے مطابق مقتولہ کی 2005 میں طلاق ہوئی،سابقہ شوہر کی دوسری بیوی ٹریفک وارڈن ہے ، پولیس کے مطابق تمام پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ شواہد کی روشنی میں ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں جلدگرفتار کر لیا جائے گا ۔ کاہنہ پولیس نے واردات کا مقدمہ نامعلوم ملزموں کے خلاف درج کر لیا۔مقدمہ مقتولہ ناہید کے بیٹے علی زین کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق ناہیدڈاکٹر نہیں لیڈی ہیلتھ ورکرتھیں جبکہ 8 سالہ جنت بھی انکی لے پالک بیٹی تھی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں