پنجاب: ہر شہری کیلئے فری ماسک، تقسیم شروع، آگاہی مہم مارچ ہوگا: بزدار

پنجاب: ہر شہری کیلئے فری ماسک، تقسیم شروع، آگاہی مہم مارچ ہوگا: بزدار

لاہور (سیاسی رپورٹرسے ) ہر شہری کیلئے فری ماسک،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہریوں میں فری ماسک تقسیم کرنے کی مہم کا افتتاح کردیا ۔

بزدار نے کہا کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے ماسک پہننا ضروری ہے ۔پنجاب کے ہر شہری کو واش ایبل کورونا ماسک مہیاکرینگے ۔وزیراعلیٰ آفس میں فری ماسک تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی ۔وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو ان کے محکموں کے افسروں اور عملے کیلئے ماسک دیئے ۔عثمان بزدار نے کہا خصوصی ماسک کورونا اورسموگ سے بچاؤ کیلئے موثر ثابت ہونگے ۔پہلے فیز میں لاہو ر کے علاقوں میں ماسک تقسیم کرنے کی مہم شروع کی ہے ۔مرحلہ وار پورے پنجاب میں تقسیم کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاپوسٹ آفس کے ذریعے گھر گھر تک ماسک پہنچائے جائیں گے ،چیک پوائنٹس بھی قائم کیے جائیں گے ۔یونیورسٹی طلباء کو آگاہی مہم کیلئے انٹرن شپ آفر کرینگے ۔سکولوں کے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر ماسک مہیا کیے جائیں گے ۔ آگاہی مہم کیلئے مذہبی سکالرز،فنکار اوردیگرعوامی شخصیات فلیگ مارچ بھی کرینگے ۔امریکن کلودنگ برینڈ ہینس برینڈ ان کارپوریشن کافری ماسک فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

چیف سیکرٹری نے بتایا کہ لاہور اورگرد و نواح کے شہریوں کے لئے 2کروڑ واش ایبل ماسک پہنچ گئے ہیں ۔دوسری جانب سانحہ مری کی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات منظور کر لی گئی ہیں۔باضابطہ جاری رپورٹ کے مطابق ٹریفک پولیس بھی برف سے بچنے کیلئے محفوظ جگہ تلاش کرنے میں مصروف رہی۔ چار جنوری سے سات جنوری تک ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں داخل ہوئیں۔

تحقیقاتی کمیٹی نے مری میں ٹریفک کی انٹری اور اخراج کے لئے آٹو میٹڈ سسٹم لگانے کی سفارش کی۔وزیر اعلیٰ نے مری کو ضلع کا درجہ دینے سمیت دیگر سفارشات کی منظوری دی اورمتعلقہ محکموں کو اقدامات کا حکم دے دیا ۔ مری میں محکمہ موسمیات کے دفتر کے قیام کی بھی منظوری دے دی گئی۔ سیاحوں کے لئے ایپ ،برف ہٹانے کے لئے جدید مشینری کی خریداری کیلئے بھی اقدامات کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے مری میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لئے بھی ہدایت کر دی۔مری کی اپ گریڈیشن کیلئے ایس پی اورایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سمیت 19 نئی پوسٹوں پر عملہ تعینات کیا جائے گا، بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔بزدار کی زیرصدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کااجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت اور صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے مری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر افسر تعینات کرنے کی بھی منظوری دی ۔فیصل آباد میں ترقیاتی کاموں کیلئے تقریباً 3 ارب روپے کے نئے منصوبوں کی منظوری بھی دی ۔

فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبوں، واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن کی سہولتو ں کی بہتری کی 179 سکیموں کی منظوری دی گئی ان سکیموں پر مجموعی طور پر 2 ارب 30 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کہا راولپنڈی کی 100 فیصد آبادی کو بھی 10 لاکھ روپے تک کی ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کر دی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں