حمزہ نے آرڈیننس کی بنیادپربریت کی استدعاواپس لے لی

حمزہ نے آرڈیننس کی بنیادپربریت کی استدعاواپس لے لی

لاہور( اپنے خبر نگار سے ) پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے نیب ترمیمی آرڈیننس سے فائدہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ، احتساب عدالت میں حمزہ شہباز نے ترمیمی آرڈیننس کی بنیاد پر بری کرنے کی استدعاواپس لے لی ،عدالت نے آئندہ سماعت پر میرٹ کی بنیاد پر وکلا سے دلائل طلب کر لیے ۔

 شہبازشریف اور حمزہ شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف آشیانہ اقبال ،منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت ہوئی ۔کورونا کا شکار ہونے کے باعث شہبازشریف عدالت پیش نہ ہوئے ،حاضری معافی کی درخواست عدالت نے منظور کر لی۔ عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب کے گواہوں پر جرح کرنے کا حکم دیا ۔

منی لانڈرنگ کیس پر سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی گئی ۔آشیانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے شہباز شریف کے شریک ملزمان بلال قدوائی اور امتیاز حیدر کی بریت کی درخواست مسترد کر دی ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو طلب کر لیا ۔

آشیانہ ریفرنس پر کارروائی 7 فروری تک ملتوی کر دی ۔ادھر رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ ترمیمی آرڈیننس سے فائدہ لینا وکلا کا فیصلہ تھا تاہم وہ میرٹ کی بنیاد پر سرخرو ہونا چاہتے تھے ۔

عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما عطا تارڑ نے سانحہ مری پر حکومتی رپورٹ کو مسترد کرنے کا اعلان کردیا ۔ احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔حمزہ شہباز کو عدالت نے حاضری لگوانے کے بعد جانے کی اجازت دے دی تھی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں