معاشی ترقی5.37فیصد،ہزاروں نوکریاں پیداہونگی:حماداظہر

 معاشی ترقی5.37فیصد،ہزاروں نوکریاں پیداہونگی:حماداظہر

اسلام آباد(اے پی پی،وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت نے پچھلے سال 5.37 فیصد کی شرح سے ترقی کی، یہ کامیابی تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے تیسرے سال حاصل کی، گزشتہ حکومت نے یہ شرح اپنے آخری سال میں حاصل کرنے کی خاطر ملک دیوالیہ کردیا تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کی حکومت نے معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ زر مبادلہ کے ذخائر، ترسیلات زر اور برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا، جب معیشت 5.37 فیصد سے ترقی کرے گی تو ہزاروں نوکریاں پیدا ہوں گی، معاشی استحکام کے حصول کیلئے حکومت کو غیر مقبول فیصلے کرنا پڑے ، آج ملکی معیشت کے حوالے سے اچھی خبر آئی ہے ، گردشی قرضے میں سالانہ 130 ارب روپے کمی ہو رہی ہے ، صنعت میں 7.8 اور خدمات کے شعبے میں 5 فیصد اضافہ ہوا، کورونا کے باوجود معاشی استحکام کا ہدف حاصل کیا، ن لیگ کسی کو اپنے اقتدار کے آخری سال کے قرضوں کا نہیں بتاتی، ہمیں ایک دیوالیہ معیشت ملی تھی، فیٹف گرے لسٹ اور دیگر معاشی مسائل ہمیں ماضی کی حکومت سے ملے ۔

انہوں نے کہا عالمی سطح پر مہنگائی کا سیلاب آیا ہے ، مہنگائی کا اثر پاکستان پر بھی پڑا، تنخواہ دار طبقے اور مڈل کلاس کو مشکلات کا سامنا ہے ، حکومت تنخواہ دار طبقے کو سہولیات فراہم کرے گی۔ حماد اظہر نے کہا پچھلے سال کے مقابلے میں ٹیکس محصولات میں 35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور دھماکے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے دھماکے کی تحقیقات کر رہے ہیں، کسی شر پسند کو ملک میں امن وامان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سے جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا نے ملاقات کی۔ اس دوران توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جاپانی سفیر نے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں