صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کیلئے شاہ محمودکا شہباز ،بلاول کوخط

صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کیلئے شاہ محمودکا شہباز ،بلاول کوخط

لاہور ، اسلام آباد (دنیانیوز، مانیٹرنگ ڈیسک، وقائع نگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کو عملی جامہ پہنانے اور درکار آئینی ترمیم کیلئے پارلیمانی رہنماؤں کو مدعو کر لیا ۔

وزیر خارجہ کی جانب سے قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور بلاول  بھٹو زرداری کو خطوط ارسال کر دیئے گئے ۔خط میں شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ کی تمام بڑی جماعتوں کو جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے قانون سازی کیلئے درکار تعاون کی درخواست کی ہے ۔

شاہ محمود نے کہا جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانا اس علاقے کے لوگوں کی دیرینہ خواہش اور پی ٹی آئی کے منشور کا کلیدی جزو ہے ۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین کروڑ لوگوں کی اس خواہش کو پورا کرنے میں بنیادی رکاوٹ ایک آئینی ترمیم ہے جس کے لیے پارلیمنٹ کی دو تہائی اکثریت درکار ہے ۔اس رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے میں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دیں اور ساڑھے تین کروڑ لوگوں کے مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے اس اقدام کو حقیقت بنانے میں تاریخی کردار ادا کریں ۔

علاوہ ازیں سوڈان کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر میر بہروز ریکی بلوچ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے استحکام کے حوالے سے انہیں خصوصی ہدایات دیں اور بطور سفیر نامزدگی پر مبارک باد دی۔ وزیر خارجہ نے سیاست، تجارت، ثقافت اور دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں سوڈان کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں