کراچی:جماعت اسلامی خواتین کا بلدیاتی قانون کیخلاف دھرنا

کراچی:جماعت اسلامی خواتین کا بلدیاتی قانون کیخلاف دھرنا

کراچی (سٹاف رپورٹر) بلدیاتی قانون کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت سندھ اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنے کے 21 ویں روز حلقہ خواتین کی جانب سے مین یونیورسٹی روڈ حسن اسکوائر پر احتجاجی مارچ اور دھرنا دیا گیا، جس میں شہر بھر سے ہزاروں خواتین نے شرکت کی۔

خواتین کے مار چ اور دھرنے سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اُسامہ رضی و دیگر نے خطاب کیا، جب کہ خواتین مارچ و دھرنے کی قیادت جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیکریٹری دردانہ صدیقی، ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب اور ناظمہ کراچی اسماء سفیر نے کی۔

اس موقع پرحافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 21 دن سے سندھ اسمبلی پر جاری احتجاج اور دھرنے میں ڈٹے رہنے والوں نے جدوجہد اور مزاحمت کی تاریخ رقم کی ہے ،ہم بامقصد اور سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں،ہم تھکیں گے نہ جھکیں گے ، اہل کراچی کے حق پر مبنی مطالبات سے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ،بلدیاتی کالا قانون آئین کے خلاف ہے ،اکثریت کی بنیاد پر خلاف آئین اقدامات اور فیصلے تسلیم نہیں کیے جا سکتے ۔

جماعت اسلامی اتوار 23 جنوری کو ایک بڑا جلسہ عام کرے گی، جس سے امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے ۔ ڈاکٹر اُسامہ رضی نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا عوامی نمائندوں کو بااختیار بنانے اور کراچی کے حقوق کے لیے ہے ، کراچی کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں نے عظیم الشان مارچ منعقد کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں