عمران خان کی 5.37فیصد شرح ترقی پر اپنی حکومت کو مبارکباد

عمران خان کی 5.37فیصد شرح ترقی پر اپنی حکومت کو مبارکباد

اسلام آباد(خصوصی نیوزرپورٹر،دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کو 3سالوں میں 5.37فیصد جی ڈی پی کی شرح نمو حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے ۔

  وزیراعظم نے اپنی ٹو یٹس میں کہا3 سالوں میں 5.37 فیصد جی ڈی پی کی شرح نمو حاصل کرنے کی وجہ سے روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا ہوئے اور فی کس آمدنی میں اضافہ ہوا،کووڈ 19 کی عالمگیر وبا کے بعد معمول کی زندگی جلد بحال ہونے والے سرفہرست 3 ممالک میں پاکستان شامل ہے ، ہماری اقتصادی اصلاحات کی کامیابی کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا، بلو م برگ نے پیش گوئی کی کہ پاکستان اعلیٰ ترقی کی رفتار اور روزگار کی سطح کو برقرار رکھے گا،کورونا کے بعد معیشت کی بحالی میں پاکستان عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبرپر ہے جس کا معروف جریدے دی اکانومسٹ نے اعتراف کیا ہے ۔

جریدے کے مطابق پاکستان نے کورونا کی وبا کے باعث عائد لاک ڈاؤن کے خاتمے پر اقتصادی اورمعاشرتی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے موثراقدامات کئے ،وزیراعظم نے کورونا کے بعد معیشت بحالی کے حوالے سے کی گئی انٹر نیشنل رینکنگ کی رپورٹ بھی شیئر کی اور کہا پاکستان پہلے جائزے میں تیسرے جبکہ دوسرے میں پہلے نمبرپرتھا، پاکستان دنیا کا و احد ملک ہے جوتینوں رینکنگ میں ٹاپ 3 پوزیشن میں ہے ، وزیراعظم نے دی اکانومسٹ کے اعدادوشمار کا لنک بھی شیئر کیا ہے جس کے مطابق کووڈ۔ 19 کی وبا کی شدت میں کمی کے بعد معمول کی زندگی جلد بحال ہونے والے 50 ممالک میں پاکستان کا دوسرا نمبر ہے ، اس فہرست میں امریکا 25 ، آسٹریلیا 38، فرانس 17، برطانیہ 39، نیوزی لینڈ 41، جرمنی 42، ہالینڈ 50، چین 33، ویتنام 30 اور برازیل 16 ویں نمبر پر ہے ، کوو ڈ کے بعد معمول کی زندگی جلد بحال کرانے والے ممالک میں بھارت آٹھویں نمبر پر ہے ۔

دریں اثنا وزیراعظم نے کہا سمندر پار پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے ذریعے آسانیاں پیدا کی ہیں، تاریخ میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے شکایات کے ازالے کیلئے پورٹل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشیر سمندر پار پاکستانی امور ایوب آفریدی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی،ملاقات میں سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے حکومت کے اقدامات اور انتخابات میں حقِ رائے دہی ملنے پر حکومت کی پذیرائی پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیرِ اعظم نے معاونِ خصوصی کو سمندر پار پاکستانیوں اور سفارتخانوں کے درمیان روابط بڑھا کر مسائل کے حل کی رفتار کو مزید تیز کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی فیض اللہ کموکا، خواجہ شیراز محمود، شوکت علی بھٹی، حیدر علی خان، ثنا اللہ خان مستی خیل، محمد یعقوب شیخ، اورنگزیب خان کھچی اور جنید اکبر نے بھی ملاقات کی اور متعلقہ حلقوں میں پارٹی کی تنظیم سازی اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے تمام منتخب عوامی نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف عوام کے ساتھ اپنی رابطہ مہم تیز کریں بلکہ ان کے مسائل کے فوری حل کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کوآرڈینیشن کو بھی بہتر بنائیں۔وزیراعظم نے ایک بار پھر عوام سے براہ راست رابطے کا فیصلہ کرلیا ۔

عمران خان کل 23 جنوری کو 3 بجے آپ کا وزیراعظم پروگرام میں شرکت کریں گے اور عوام کے سوالات کا براہ راست جواب دیں گے ،وزیراعظم عوام کی شکایات اور تجاویزسنیں گے اور حکومت کے اقدامات سے عوام کو آگاہ کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں