133 مقامات کی نشاندہی، ہر تحصیل میں ہائوسنگ سکیم بنائینگے : بزدار

133 مقامات کی نشاندہی، ہر تحصیل میں ہائوسنگ سکیم بنائینگے  : بزدار

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )کم آمدن والے افراد کیلئے پیری اربن ایریا میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کیلئے وزیر اعلیٰ آفس میں قرعہ اندازی کی تقریب ہوئی ۔

 وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے 3 تحصیلوں میں گھروں کی الاٹمنٹ کیلئے بٹن دبا کر قرعہ اندازی کی اور گھر حاصل کرنے والے خوش نصیبوں کو مبارکباد دی۔ ساڑھے 17 لاکھ روپے کا ساڑھے 3 مرلے کا گھر ملے گااور 20 سال کیلئے 6526 روپے ماہانہ قسط ہو گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی ہر تحصیل اور ہر ڈسٹرکٹ میں پیری اربن افور ڈ ایبل ہاؤسنگ سکیم بنائیں گے ۔ 133 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے ، الاٹی 10 سے 20 سال کے عرصے میں ماہانہ اقساط کی صورت میں قیمت ادا کریں گے ۔

ا فورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کو ایف ڈبلیو او اوراین ایل سی مکمل کریں گے ۔ گھر کی اوسط لاگت کا تخمینہ 17 لاکھ 50 ہزار روپے لگایا گیا ہے ۔ اس ہاؤسنگ سکیم کے تحت رائے ونڈمیں 245، سرگودھا میں 324 اور چنیوٹ میں 270 گھر بنائے جارہے ہیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ انارکلی بم دھماکے میں زخمی افراد کی عیادت کیلئے میوہسپتال پہنچ گئے ۔فرداً فرداً زخمیوں کے پاس جا کرمزاج پرسی کی، زخمی خاتون کو دلاسہ دیا ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ مولانا طاہر اشرفی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی یک جہتی اور اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں