سانحہ مری : کمیشن بنایا جائے : حمزہ شہباز ، ماڈل ٹائون میں 14 لاشیں، نیند کیوں نہ اڑی : راجہ بشارت

سانحہ مری : کمیشن بنایا جائے : حمزہ شہباز ، ماڈل ٹائون میں 14 لاشیں، نیند کیوں نہ اڑی : راجہ بشارت

لاہور (سپیشل رپورٹر، سیاسی رپورٹر سے) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے سانحہ مری کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا اور کہا کہ جب تک قصور واروں کو سزا نہیں ملتی چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اپوزیشن لیڈر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ سانحہ مری پر سیاست کر رہے ہیں ،سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی نیندیں کیوں نہیں اڑیں،وزیر قانون نے ایوان میں انکشاف کیا کہ انارکلی بم دھماکا کے دو ملزموں کو گرفتار کر لیا ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر پرویز الٰہی کی زیر صدارت ایک گھنٹہ 33 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا ۔ سانحہ مری پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ سانحہ مری پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ،یہ انتہائی افسوناک واقعہ ہے ،اس پر فی الفور پارلیمانی کمیشن قائم کیا جائے ۔ پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا میں بطور اپوزیشن لیڈر مخاطب نہیں بلکہ ایک پاکستانی اور ایک باپ کے طور پر بات کر رہا ہوں، ہم نے کئی بل مشترکہ طور پر پاس کئے ،ساہیوال واقعے میں بھی کسی کو کوئی سزا نہیں ہوئی،لوگوں کو زخم لگتے ہیں ۔

آپ مرہم رکھنے کی بجائے نمک رکھ رہے ہیں،صرف چند لوگوں کو معطل کرکے کیا ان مائوں کے دکھوں کا مداوا ہوسکتا ہے ؟ ،سانحہ مری پر پارلیمانی کمیشن بنایا جائے ،دوسری جانب راجہ بشارت نے اپوزیشن لیڈر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ سانحہ مری پر سیاست کر رہے ہیں،یہ قدرتی آفت کے نتیجے میں ہوا ،سانحہ مری پر نیند نہ آنے والے اپوزیشن لیڈر کو ماڈل ٹاؤن واقعے پر لاشیں گرا کر نیند کیسے آگئی۔راجہ بشارت نے کہا اپوزیشن نے رویہ بنا لیا ہے ایوان میں آتے ہیں بات کر کے چلے جاتے ہیں،حکومتی موقف نہیں سنتے ،ان کے لیے جمہوریت یہ ہے کہ ان کی مرضی چلتی رہے جب نہ چلے تو آمریت آ جاتی ہے ۔بعدازاں ، پنجاب اسمبلی احاطے میں میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا اب مائنس عمران ہوگا ، حکومتی اتحادی بھی حالات پر غور کریں ،عوام بہت پریشان ہیں ، صدارتی نظام کی باتیں سب ڈھکوسلے ہیں ۔

یہ تماش بین ہیں روز نیا شوشہ چھوڑ دیتے ہیں ، مری کے سانحہ نے قوم کے دل چھلنی کر دیئے ،حکمرانوں کی بے حسی نے ساری حدیں توڑ دیں ،بزدار سانحہ مری کی رپورٹ ایسے لے رہے تھے جیسے کوئی بڑا تیر مارا ہے ،جب بچیاں مدد کے لیے پکار رہی تھیں ،اس روز ہیلی کاپٹر کہاں تھا ،ایسے بے حس حکمران تاریخ میں نہیں دیکھے ۔اجلاس کے دوران سپیکر نے کہا کہ واٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں کھالے پکے کرنے والے تجربہ کار ملازمین کو نوکریوں سے نکالنا ٹھیک نہیں۔ جب پرانے تجربہ کار لوگ محکمے میں ہیں تو نئی بھرتی کیوں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجربہ کار ملازمین کے تجربے سے فائدہ کیوں نہیں اٹھا تے ۔ یہ بالکل وہی بات ہوجائے گی جب راولپنڈی میں ڈینگی آیا تو تجربہ کار لوگوں کو نکال کر نئی بھرتی کی گئی اور اس کے نتائج بہت خراب آئے ۔

سپیکر نے وزیر قانون کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر جلد ازجلد وزیر آبپاشی سے بات کرکے عملدرآمد کروائیں۔جس پر وزیر قانون نے سپیکر کی ہدایت پر عملدرآمد کروانے کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں سانحہ مری،انا رکلی بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کرائی گئی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں