کورونا کی بدترین لہر، ریکارڈ کیسز : زیادہ شرح والے تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنیکا فیصلہ، اسلام آباد کچہری میں 15 جج اور مختلف عدالتوں کے 58 اہلکار وائرس کا شکار

کورونا کی بدترین لہر، ریکارڈ کیسز : زیادہ شرح والے تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنیکا فیصلہ، اسلام آباد کچہری میں 15 جج اور مختلف عدالتوں کے 58 اہلکار وائرس کا شکار

لاہور، اسلام آباد،کراچی(اپنے خبر نگار سے ، اپنے نامہ نگارسے ، خصوصی نیوزرپورٹر)ملک میں کورونا کا پھیلاؤ تشویشناک حد تک پہنچ گیا، جمعہ پانچویں لہر کے دوران وبا کا بدترین دن رہا، 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 7678 سے زیادہ مثبت کیس رپورٹ ہوئے ۔

کورونا ٹیسٹوں کی مثبت شرح 12.94فیصد رہی، لاہور، اسلام آباد کے 21جج اورعملے کے 58اہلکار بھی وائرس میں مبتلا ہوگئے ، گزشتہ روز 23 مریض انتقال کرگئے ،کورونا کی زیادہ شرح والے تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ جمعہ کووزارت قومی صحت کی جانب سے جاری ٹویٹ میں شیئر کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 59343 ٹیسٹ کیے گئے ۔ سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ روز ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 12.94 فیصد رہی۔ این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29065 ہو چکی ہے ، متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 53 ہزار 479 تک پہنچ چکی ہے ۔ ادھرلاہورمیں سیشن کورٹ اور سول کورٹ کے پانچ ججز کورونا کا شکار ہو گئے ، ججز نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ۔

کورونا کا شکار ہونے والو ں میں ایڈیشنل سیشن جج میاں مدثر عمر ، ایڈیشنل سیشن جج ثمینہ حیات ،جوڈیشل مجسٹریٹ ماڈل ٹاؤن حارث منیر ،سول جج انور اور سول جج صبا قمر کورونا کا شکار ہو گئے ۔سیشن جج لاہور نے ججز کے سٹاف کو اپنا کورونا ٹیسٹ کرانے کا حکم دے دیا۔علاوہ ازیں وائرس کی پانچویں لہر کی شدت کے پیش نظر لاہور آرٹس کونسل نے جاری ڈرامہ فیسٹیول کومنسوخ کردیا ۔ علاوہ ازیں صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ نے کہاہے کہ محکمہ صحت کے مؤثر اقدامات کے باعث صوبہ بھر میں کورونا کے کیسزمیں کمی آگئی ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے اعدادوشمارجاری کردیئے جس کے مطابق کورونا کیسز میں مزید کمی لانے کیلئے مختلف سیکٹرز کیلئے سپیشل ایس او پیز جاری کر دیئے گئے ۔

تمام شہری خاص طور پر کورونا کی مکمل احتیاط کو یقینی بنائیں۔ ہم صرف ویکسی نیشن اوراحتیاط کے ذریعے ہی کورونا کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں، 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کوویکسین لگانے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ سیکرٹری ہیلتھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کورونا کے 1,886 نئے کیس سامنے آئے ، لاہور، راولپنڈی اور سرگودھا سے 1 ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے ۔

گزشتہ روز صوبہ میں کورونا کے 20,698 ٹیسٹ کئے گئے جس کے نتیجے میں لاہور میں مثبت کیسوں کی شرح 17.89فیصد، مثبت کیسوں کی تعداد 1,238 ، راولپنڈی میں مثبت کیسوں کی تعداد 347 ،شرح 17.47فیصدرہی۔ فیصل آباد میں مثبت کیس 53، ملتان 48، سیالکوٹ 38، گوجرانوالہ 18 ، شیخوپورہ 17،بہاولپور 14، سرگودھا 12 ، رحیم یار خان 11 ، خوشاب میں 10 رپورٹ ہوئے ۔ ساہیوال، قصور اور گجرات سے 7 ] وہاڑی، مظفرگڑھ، میانوالی ، چکوال اور خانیوال سے 5 ،اٹک اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے 4 جبکہ بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، جہلم، جھنگ، ننکانہ صاحب، نارووال اور پاکپتن سے 3 کیس رپورٹ ہوئے ۔

مزیدبرآں مظفرآباد میں مثبت کیسوں کی تعداد 24، شرح 23.49فیصد،پشاورمیں مثبت کیسوں کی تعداد315،شرح 15.59 فیصدرہی، کراچی میں مثبت کیس 3331جب کہ کیسوں کی شرح45.43فیصدرہی،حیدرآباد میں مثبت کیسوں کی تعداد145 ، شرح8.67فیصدرہی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں بھی کورونا کا پھیلاؤ بے قابو ہوگیا جہاں مثبت کیسوں کی شرح 18.91فیصد تک جا پہنچی ، مثبت کیسوں کی تعداد1359ہوگئی ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کے علاوہ ایک ریڈراور ایک عدالتی اہلکار، ڈسٹرکٹ کورٹس کے 15 ججز اور ضلع کچہری کے 58 عدالتی اہلکار کورونا مثبت آنے پر قرنطینہ ہوگئے ۔بتایاجاتاہے کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے نجی لیب سے کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا ، رپورٹ میں پازیٹو کی تصدیق کے بعد جسٹس جہانگیری کی کورٹ میں کیسز کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی اور وہ قرنطینہ میں چلے گئے ۔

ادھر چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت کے ایک اہلکارکو کورونا مثبت آنے پر چیف جسٹس کی عدالت میں ڈس انفیکشن سپرے کیاگیا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت کے ریڈر کا بھی ٹیسٹ مثبت آیاہے ،اسی طرح اسلام آباد ضلع کچہری میں 15 ججز کورونا کا شکار ہو گئے ،مختلف عدالتوں کے 58 اہلکار بھی کورونا میں مبتلا ہیں،کورونا پازیٹو آنے والے تمام ججز کی عدالتیں گزشتہ روزبند کر دی گئیں،ضلع کچہری ویسٹ کورٹس میں 10 ججز 29 اہلکاروں ، ڈسٹرکٹ کورٹس ایسٹ کے 5 ججز اور 29 عدالتی اہلکاروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ۔واضح رہے کہ ایڈووکیٹ جنرل آفس کے سٹیٹ کونسل دانیال حسن ایڈووکیٹ سمیت چار وکلا کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیاہے جو پہلے سے ہی قرنطینہ چلے گئے تھے ۔

بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے مختلف سیکٹرز کی 24 گلیاں سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آج رات (ہفتہ کی رات)12 بجے مختلف سیکٹرز کی 24 گلیوں کو سیل کر دیا جائے گا۔ سیکٹر جی 6 فور کی گلی نمبر 52,56,59,79 اور 80 کو سیل کیا جائے گا۔سیکٹر ایف ٹین فور کی 50،52 اور 53 کو سیل کیا جائے گا۔سیکٹر ایف الیون ٹو کی گلی نمبر 21 23 اور 28 کو سیل کیا جائے گاسیکٹر جی الیون ٹو کی گلی نمبر 15،21 اور 46 کو سیل کیا جائے گا۔سیکٹر ایف ایٹ ون کی گلی نمبر 31،35،37،38،42،44 کو سیل کیا جائے گاسیکٹر ایف ایٹ تھری کی گلی نمبر 5،6،10،11 اور 17 کو سیل کیا جائے گا۔

ادھر نیو اسلا م آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ٹی سی کنٹرول ٹاور کے اعلیٰ افسران میں امنی کرون کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ متاثر ہونیوالوں میں ڈائریکٹر سعید احمد ملک،جوائنٹ ڈائریکٹر اشفاق خان، اشفاق حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے ٹی سی کنٹرول راجہ منیب زاہد، ماجد نواز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے ٹی سی کنٹرول عثمان افضل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے ٹی سی کنٹرول ٹاور علی رضا الاسلام شامل ہیں۔کراچی میں صورتحال سب سے زیادہ خراب ہے جہاں مثبت کیسز کی شرح 45.43فیصد سے بھی اوپر چلی گئی ۔شہرِ قائد میں 3331افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ۔ حکومت بلوچستان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فیصلے کی روشنی میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اضلاع میں کورونا کے 10 فیصد سے زیادہ مثبت ہونے پر انڈور ڈائننگ پر فوری طور پر مکمل پابندی ہوگی۔

ادھراین سی او سی نے کورونا کی زیادہ شرح والے تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ، محکمہ تعلیم ،صحت کے حکام سے ملکر سکولوں کی بندش کا تعین کریں گے ۔ صوبے 12 سال سے زائدعمرکے طلبہ کو ویکسین لگانے کی مہم اور 100 فیصد ویکسی نیشن یقینی بنائی جائے ، اومی کرون سے متاثرہ شہروں کے تعلیمی اداروں میں 2 ہفتوں کیلئے بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹ کیے جائیں ،کورونا کی زیادہ شرح والے شہروں کے تعلیمی اداروں میں ٹیسٹنگ پرخصوصی توجہ دی جائے ۔ ٹیسٹنگ کا مقصد ان شہروں کے طلبہ کا کورونا سے بچاؤ اور پھیلاؤ کا درست اندازہ لگانا تھا ، ڈیٹا سے ویکسی نیشن لیولز اور انفیکشن ریٹ کا تعلق سامنے آیا ، اعداد و شمار کے مطابق ویکسی نیشن اور کورونا کے پھیلاؤ کا گہرا تعلق ہے ۔

دوسری جانب اسلام آباد کے مزید 12 تعلیمی اداروں میں 50 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر زعیم ضیا کی جانب سے کورونا مثبت کیسز والے تعلیمی اداروں کو فوری بند کرنے کے لیے انتظامیہ کو مراسلہ جاری کردیا ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق کورونا کیس رپورٹ ہونے والے تعلیمی اداروں کو فوری بند کیا جائے ، متعلقہ تعلیمی اداروں کو آئندہ احکامات تک بند رکھا جائے ، ایک ہفتے کے دوران اسلام آباد کے 35 تعلیمی اداروں میں کورونا کے ایک سو سے زائد کیس رپورٹ ہو چکے ۔ مزید برآں این سی او سی نے کورونا کیسز میں بتدریج اضافے کے پیش نظر مساجد اور عبادت گاہوں سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا جس کے تحت مکمل ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی ۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ مساجد و دیگر عبادت گاہوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ، مساجد سے قالین ہٹادیئے جائیں۔

صفوں اور نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ لازمی ہوگا ، بزرگ اپنے گھروں میں عبادت اور نماز کو ترجیح دیں گے ۔اعلامیہ کے مطابق مساجد میں دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں گی اور وینٹی لیشن کا مناسب انتظام کیا جائے ۔ این سی او سی نے زور دیا کہ نماز جمعہ کی ادائیگی بھی مختصر دورانیے میں کی جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں