جسٹس عائشہ سپریم کورٹ تعینات، صدر نے منظوری دیدی

جسٹس عائشہ سپریم کورٹ تعینات، صدر نے منظوری دیدی

اسلام آباد،لاہور(سپیشل رپورٹر،کورٹ رپورٹر، دنیا نیوز)صدر مملکت عارف علوی نے جسٹس عائشہ ملک کی بطور جج سپریم کورٹ نام کی منظوری دے دی جس کے بعد وزارت قانون و انصاف نے باقاعدہ نو ٹیفکیشن جاری کر دیا ۔

 نوٹیفکیشن کے مطابق تعیناتی کا اطلاق ان کے حلف اٹھانے کے بعد سے ہو جائے گا، جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج کے طورپر حلف اٹھائیں گی، ان کے اعزاز میں لاہور ہائیکورٹ میں رسمی الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے جسٹس عائشہ ملک کو گلدستہ دے کر رخصت کیا، سینئر ترین جج جسٹس ملک شہزاد احمد ،جسٹس شجاعت علی خان ، جسٹس شاہد وحید ، جسٹس علی باقر نجفی اور دیگر بھی شریک ہوئے ، تمام ججز نے جسٹس عائشہ اے ملک کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔

الوداعی تقریب میں لاہور ہائی کورٹ کے افسران اور عدالتی عملے نے بھی شرکت کی۔جسٹس عائشہ ملک 1966 میں لاہور میں پیدا ہوئیں اور امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی سے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کی ، وہ بینکنگ قوانین کی ماہر وکیل جانی جاتی ہیں جو 2012 میں لاہور ہائی کورٹ کی جج تعینات ہوئی تھیں ، جہاں وہ چوتھی سینئر ترین جج کے طور پر کام کر رہی ہیں ، سنیارٹی میں چوتھے نمبر پر ہونے کے باوجود ان کی سپریم کورٹ میں بطور جج تعیناتی پر بار کونسلز کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے اس فیصلے کی مخالفت بھی کی گئی تھی ۔ ان کے 2030 میں سپریم کورٹ آف پاکستان کی چیف جسٹس تعینات ہونے کے امکانات ہیں جبکہ وہ 65 سال کی عمر کو پہنچ کر حسب ضابطہ 2031 میں ریٹائر ہو جائیں گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں