بھارت سے نتیجہ خیزمذاکرات چاہتے ہیں:پاکستان

بھارت سے نتیجہ خیزمذاکرات چاہتے ہیں:پاکستان

اسلام آبا د(وقا ئع نگار)ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ افغانستان کی امداد کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)فنڈ کے قیام کیلئے عمل جاری ہے ، فنڈ کا قیام فروری کے آخر تک ممکن ہوگا ۔

کتنی رقوم جمع ہوئیں ابھی کچھ نہیں بتایا جاسکتا۔ہم بھارت کے ساتھ نتیجہ خیر مذاکرات چاہتے ہیں ،بھارت کی طرف سے مذاکرات کیلئے سازگار ماحول نہیں بنایا جا رہا ، ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ حوثی باغیوں کی جانب سے ابو ظہبی میزائل حملے کی مذمت کرتے ہیں حملے میں ایک پاکستانی سمیت کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ۔وزیر اعظم نے اماراتی ہم منصب اور آرمی کے سربراہ کو فون کیا ۔وزیر اعظم نے روسی صدر سے فون پر بات چیت کی ،معاشی سیاسی ،علاقائی تعاون اور صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سی پیک فلیگ شپ پراجیکٹ ہے ،اس پر کورونا کے باوجود پیش رفت جاری ہے ، سی پیک کے تحت زراعت آئی ٹی اور سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھا رہے ہیں ، سی پیک کے حوالے سے قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں ۔

بھارت کو افغانستان میں انسانی بنیادوں پر گندم سپلائی کی اجازت دی ، تین ہفتوں سے بھارت نے جواب تک نہیں دیا ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں ۔بھارتی فوج نے پرامن احتجاج کرنے والوں کو شہید کیا ، بھارتی فوج نے سا ت دہائیوں سے کشمیریوں پر مظالم جاری رکھے ہوئے ہیں ۔پاکستان کشمیر میں پریس کلب کی بندش،سماجی کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہے ،برطانوی قانونی فرم نے رپورٹ میں کہاہے کہ بھارتی فوج کشمیر میں جنگی جرائم میں ملوث ہے ۔افغانستان کی امداد کے حوالے سے او آئی سی فنڈ پر پراسیس جاری ہے ،فنڈ کا قیام فروری کے آخر تک ممکن ہوگا ،کتنی رقوم جمع ہوئیں ابھی کچھ نہیں بتایا جاسکتا ، سٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ کھولنے سے انکار سے متعلق ابھی صرف خبریں ہیں ،افغانستان کے لئے فنڈ کے قیام کا سٹیٹ بینک سے کوئی تعلق نہیں ۔

اس حوالے سے او آ ئی سی سیکرٹری جنرل دیگر ممالک سے رابطے میں ہیں ، سٹیٹ بینک کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں ،نیشنل سکیورٹی پالیسی میں واضح ہے پاکستان معاشی ترقی کو ترجیح دے گا ، مشرقی وسطیٰ میں امن مشترکہ ترجیح ہے ۔اس حوالے سے عرب لیگ اور دیگر ادارے کام کر رہے ہیں۔چین کی کورونا کے حوالے سے تمام ممالک کیلئے یکساں پالیسی ہے ،پاکستان نے طلبہ کی اجازت کا معاملہ اٹھایا ہے ۔ امید ہے اس حوالے سے نظر ثانی ہو جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں