آئندہ انتخابات میں بیرون ملک پاکستانیوں کا ووٹ انتہائی اہم ہوگا:زلفی بخاری

آئندہ انتخابات میں بیرون  ملک پاکستانیوں کا ووٹ انتہائی  اہم ہوگا:زلفی بخاری

اسلام آباد (عمر جٹ )پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق ملنا بہت بڑی تبدیلی ہے ۔

 آئندہ انتخابات میں بیرون ملک پاکستانیوں کا ووٹ انتہائی اہم ہوگا،پاکستان اور عمان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے جا رہے ہیں، انھوں نے ان خیالات کا اظہار مسقط میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب میں رائل فیملی کے نمائندوں ، عمانی حکام اور پاکستانی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی،زلفی بخاری نے مزید کہا پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور کاروبار کیلئے حالات انتہائی سازگار ہیں،عمانی حکام سے ویژن 2040 کے تحت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات کی ہے اورپاکستانی کمیونٹی کیلئے مزید سہولیات فراہم کرنے کی بھی درخواست کی ہے ۔

دونوں ممالک کے درمیان افرادی قوت کے تبادلوں پر زور دیں گے ، عمانی حکام سے پڑھے لکھے اور ہنر مند نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی پر بھی گفتگو ہوئی ہے ، وزیراعظم عمران خان کی درست معاشی پالیسیوں کے زبردست نتائج ملنا شروع ہوئے ہیں، پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح کا 5 اعشاریہ 37 فیصد تک پہنچنا بڑی کامیابی ہے ، آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیاں بڑھائیں گے ۔زلفی بخاری ، عمران خان کی ہدایت پر عمان کے دورہ پر ہیں جہاں ان کی سلطنت عمان کے وزرا،سرکاری وفود اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں