گوادر پورٹ معاشی اور دفاعی اعتبار سے اہم :صدر

 گوادر پورٹ معاشی اور دفاعی اعتبار سے اہم :صدر

گوادر(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملکی مفاد میں دستیاب سمندری وسائل سے استفادہ کرنے اور بلیو اکانومی کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں علاقائی روابط اور تجارت کے فروغ کے ساتھ بحری معیشت پر بھی توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔

افغانستان میں مستقل امن سے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ، سکیورٹی فورسز کو سائبر حملوں کے خلاف دفاع کے لیے بھی تیار کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گوادر میں سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق اپنے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سمندری وسائل اور بلیو اکانومی سے استفادہ کرنے کیلئے پر عزم ہے ، گوادر پورٹ نہ صرف معاشی طور پر بلکہ دفاعی اعتبار سے بھی اہم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وسط ایشیائی ممالک سے تجارت کے لیے رابطہ سڑکوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ، علاقائی روابط اور تجارت کے فروغ کے ساتھ بحری معیشت پر بھی توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ وسط ایشائی ممالک افغانستان کے راستے گوادر بندر گاہ تک تجارت کے لیے بے چین ہیں، افغانستان میں 40 سال بعد امن آیا ہے ، افغانستان میں مستقل امن سے ہماری معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہونگے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ سائبر جنگ دیگر مہلک ہتھیاروں سے زیادہ خطرناک ہے ، پاکستان پر متعدد بار سائبر حملے کیے جاچکے ، بدلتے ہوئے حالات میں سکیورٹی فورسز کو سائبر حملوں کے خلاف دفاع کے لیے بھی تیار کرنا ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں