بارشیں،پہاڑوں پربرفباری،راستے بند،بجلی سپلائی معطل

 بارشیں،پہاڑوں پربرفباری،راستے بند،بجلی سپلائی معطل

لاہور،کوئٹہ،ایبٹ آباد، مری (نیوز ایجنسیاں، نمائندہ دنیا )ملک بھرمیں بارشیں،پہاڑوں پربرفباری،راستے بند،بجلی سپلائی معطل ہوگئی۔

پنجاب، بلوچستان، آزاد کشمیر،گلگت اوراسلام آ بادمیں سردی بڑھ گئی،کراچی میں گردآلودہوائیں چل پڑیں۔ ادھرپنجاب، بلوچستان، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ،چمن اور کوئٹہ سمیت کئی علاقوں میں برفباری سے راستے بند ہونے سے زمینی رابطے منقطع ہوگئے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدیدمشکلات کا سامنا رہا ،کئی اضلاع میں بجلی بھی معطل ہوگئی ،سردی کی شدت بڑھنے سے گیس کی لوڈشیڈنگ نے مشکلات میں اضافہ کردیا۔

بلوچستان کے کئی اضلاع میں شدید برفباری کے باعث مختلف مقامات پرقومی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔ ملتان، رحیم یارخان اور لودھراں سمیت جنوبی پنجاب میں بارش کی وجہ سے درجنوں فیڈرٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔آزاد کشمیر کے علاقے نکیال میں وقفے وقفے سے بارش اور اولے بھی پڑے جبکہ پشاور میں موسلادھار بارش نے سردی کی شدت بڑھا دی ، عوامی مقامات اور سڑکوں پر بارشی پانی جمع ہو گیا ۔ کراچی میں 35 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز گرد آلود ہوائیں چل پڑیں،حکام کے مطابق شہر میں تیز گرد آلود ہوائیں آج شام تک چلنے کا امکان ہے ، ہوائیں 40 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں، ہواؤں کے جھکڑ کی رفتار 50 کلو میٹر فی گھنٹہ تک بھی جا سکتی ہے ۔

مری اورگلیات میں برفباری کا نیاسلسلہ جمعہ اورہفتہ کی درمیانی شب شروع ہوالیکن مری میں سیاحوں کی تعدادانتہائی کم رہی جس کی بنیادی وجہ شام پانچ سے صبح پانچ بجے تک سیاحوں کے داخلہ پر بدستور پابندی ہے ۔لاہورمیں دن بھر ہلکی اورتیزبارش ہوتی رہی،نشیبی علاقوں،سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا، شہر میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 16.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جیل روڈ پر 10.4، ایئرپورٹ 6.4، گلبرگ 13 ، اپر مال 9.5، مغلپورہ 11 ،تاج پورہ 8 ، نشتر ٹاؤن 11، چوک ناخدا 12، پانی والا تالاب 9.5 ، فر خ آباد 14 ،گلشن راوی 8.5، اقبال ٹاؤن 8 ،سمن آباد 12اورجوہر ٹاؤن میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں