ٹنڈوالہ یار : ایم کیو ایم کارکن کے قتل پر ہنگامہ آرائی، درجنوں موٹرسائیکلیں نزر آتش

ٹنڈوالہ یار : ایم کیو ایم کارکن کے قتل پر ہنگامہ آرائی، درجنوں موٹرسائیکلیں نزر آتش

کراچی (سٹاف رپورٹر، نمائندگان دنیا) ٹنڈوالہ یار میں ایم کیو ایم پاکستان کے کارکن خلیل عرف بھولو خانزادہ کے قتل کے دوسرے روز بھی صورتحال انتہائی کشیدہ رہی، مقتول کی نماز جنازہ میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور اراکین اسمبلی سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

 مقتول کی تدفین کے بعد نامعلوم مشتعل شرپسندوں نے پولیس مددگار 15 پر دھاوا بول دیا ۔ مشتعل افراد نے آفس کو فرنیچر سمیت آگ لگادی ، مشتعل افراد نے 20 سے زائد موٹر سائیکلوں اور ایک کار کو نذر آتش کردیا ۔ پولیس نے حملے اور گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کا مقدمہ تھانہ بی سیکشن میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کرلیا ۔ مقدمے میں 15سے زائدمعلوم اور 25نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ۔ پولیس نے مقدمے میں ایم کیو ایم کے موجودہ اور سابق عہدیداروں کو بھی نامزد کیا ہے ۔

مقدمے میں نامزد افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارکر ایک درجن سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا ۔ متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے کنونیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ایم کیو ایم کے مر کز بہادرآباد پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی 1970 کے ایجنڈے جس کے تحت ملک توڑا تھا اسی پر عمل پیرا ہے اور اسی پر سیاست کررہی ہے ۔ ٹنڈو الٰہ یار میں ہماری ماؤں، بہنوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جارہی ہے ، ایک مہاجر نوجوان، ایم کیو ایم کے کارکن اور چھ بیٹیوں کے واحد کفیل باپ کو کمرہ عدالت میں پولیس کی پشت پناہی سے قوم پرست جماعت کے دہشت گردوں نے شہید کردیا۔

نام نہاد قوم پرستوں کا ٹاسک ہی یہی تھا کہ سندھ میں آباد مہاجر اور سندھیوں کے درمیان نفرت پیدا کی جائے اور سندھ فسادات کی لپیٹ میں رہے ،اگرایوان اور عدالتیں ہمارے معاملے سے لاتعلق ہیں تو ہمارے پاس واحد حل عوام رہ جاتی ہیں ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں