کسانوں سے اظہار یکجہتی،پیپلزپارٹی کل ٹرالی مارچ کریگی
لاہور(سپیشل رپورٹر)کسانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پیپلزپارٹی کل ٹرالی مارچ کرے گی۔
پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی وفاق کی علامت ہے ،عصبیت پریقین نہیں رکھتی ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے فیروز پورروڈ پر پیپلزپارٹی شعبہ خواتین پنجاب کی نامزد سیکرٹری اطلاعات عقیلہ یوسف اعوان کے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں حسن مرتضیٰ، شہزاد سعید چیمہ، ثمینہ گھرکی،نیلم جبار، شائستہ جان، نرگس خان، شاہدہ جبین سمیت خواتین کارکنوں کی کثیر تعداد موجودتھی۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں نیلم جبار کو پیپلزپارٹی پنجاب کی ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن، عقیلہ یوسف اعوان کو شعبہ خواتین پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات بننے پر مبارکبادپیش کرتے ہیں، بے نظیر بھٹو ہمیشہ خواتین کو آگے لے کر آئیں، ہم خواتین کی ترقی پر یقین رکھتے ہیں، ان کی عزت اور احترام کرتے ہیں۔کل 24جنوری کو پورے ملک میں ٹرالی مارچ ہوگا اور کسانوں سے اظہار یکجہتی کریں گے ، 27فروری کو کراچی سے لانگ مارچ کریں گے ، پیپلزپارٹی پنجاب میں بہت مضبوط ہے ۔
کمزور نہیں، پیپلزپارٹی سندھ کی پارٹی نہیں، ہماری لیڈر شپ کا تعلق سندھ سے ہے ، ہم وفاق کی بات کرتے ہیں، کشیدہ حالات میں بھی پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، وفاق پر غیر متزلزل یقین رکھتے ہیں، آنے والا وقت پیپلزپارٹی کا ہے ۔