پاکستان پائیدارنموکے عشرے میں داخل ہوگیا:شوکت ترین

پاکستان پائیدارنموکے عشرے  میں داخل ہوگیا:شوکت ترین

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا پاکستان پائیدارنموکے عشرے میں داخل ہوگیاہے ،آئندہ 10 برسوں میں آمدنی میں خلیج کم ہوجائیگی، روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا ،انسانی ترقی میں بہتری آئیگی۔

 سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں وزیرخزانہ نے کہاکہ کورونا کے بعد معمول کی زندگی کی طرف تیزی سے لوٹنے والے ممالک کے حوالے سے اکا نومسٹ کی فہرست میں پاکستان سرفہرست تین ممالک میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا دنیا میں کسی ملک کو یہ کامیابی نہیں ملی۔

پاکستان میں معاشی ومعمول کی زندگی کی بحالی کی عکاسی مالی سال 2021 میں 5.37 فیصد کی نظرثانی شدہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں نموسے بھی ہو رہی ہے ، یہ گزشتہ 14 برسوں میں دوسری مرتبہ پاکستان کی معیشت کی بہترین کارکردگی ہے ۔ وزیرخزانہ نے کہا پاکستان ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور جامع وپائیدارنمو کی راہ پرآگے بڑھ رہاہے ۔ مالیاتی کمپنی بلوم برگ نے تائید کی ہے کہ پاکستان پائیدارنموکے عشرے میں داخل ہوگیاہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں