پاک بحریہ کے جہاز تبوک کا بحرین کا دورہ،بندرگاہ پر قیام

پاک بحریہ کے جہاز تبوک کا بحرین کا دورہ،بندرگاہ پر قیام

کراچی(سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے جہاز تبوک نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے تحت منامہ، بحرین کا دورہ کیا۔منائسلمان بندرگاہ پہنچنے پر جہاز تبوک کا استقبال کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کموڈور وقار محمد اور پاکستان ،بحرین نیول فورسز کے حکام نے پاکستانی سفیر محمد ایوب کے ہمراہ کیا۔

بندرگاہ پر قیام کے دوران کمانڈنگ آفیسر پی این ایس تبوک کیپٹن محمد عمیر نے کمانڈر رائل بحرین نیول فورسز ریئر ایڈمرل محمد یوسف الاعصام، قائم مقام کمانڈر بحرین کوسٹ گارڈ بریگیڈیئر حماد بن محمد الخلیفہ، ڈپٹی کمانڈر بحرین کوسٹ گارڈ بریگیڈیئر جاسم محمد الغاتم سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کمانڈنگ آفیسر نے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں اور میری ٹائم ڈومین میں ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور خطے میں امن و خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق اس کے حل پر بھی روشنی ڈالی۔ کمانڈنگ آفیسر پی این ایس تبوک نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے بحرین کے عوام اور رائل بحرین نیول فورسز کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔کمانڈنگ آفیسر نے ڈپٹی کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورس کموڈور ایلڈرین فرئیر (برطانیہ )،کیپٹن برینڈن کلارک ( نیوزی لینڈ)اور کیپٹن محمد اسماعیل التراونچ سے بھی ملاقات کی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں