افغانستان کے مسائل کا دیرپا حل نکالنے کا وقت آگیا

افغانستان کے مسائل کا دیرپا حل نکالنے کا وقت آگیا

(تجزیہ : سلمان غنی) وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں درپیش انسانی اور ہنگامی صورتحال پر ایک مرتبہ پھر عالمی برادری پر اس ضمن میں اپنے بھرپور کردار کی ادائیگی پر زور دیا ہے اور کہا کہ بھوک کے دھانے پڑے لاکھوں انسانوں کی فوری امداد کی جائے۔

برطانیہ کے سابق وزیراعظم گورڈن براؤن نے بھی افغانستان میں درپیش صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دو کروڑ تیس لاکھ افغان بھوک و افلاس کا شکاراور مدد کے مستحق ہیں،لہٰذا دیکھنا پڑے گا کہ زندگی اور موت کے اس مرحلے پر افغانوں کی مدد میں رکاوٹ کیا ہے ، حقیقت یہ ہے کہ افغانستان میں حکومت قائم کرنے کے بعد امن و امان کی بحالی کے حوالے سے تو طالبان کامیاب نظر آ رہے ہیں مگر معاشی حوالے سے صورتحال دگرگوں ہے ، پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک نے یہاں خوراک، ادویات اور دیگر اشیا ئے ضروریات کی قلت کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے ، مگراب افغانوں کو درپیش سلگتے مسائل کا بوجھ صرف پاکستان اور ہمسایہ ممالک نہیں اٹھا سکتے ،اب افغانستان کے مسائل کا دیرپا حل نکالنے کا وقت آگیا ہے ۔

اس حوالے سے دنیا کو آگے بڑھنا ہو گا،امریکا کو تسلیم کرنا چاہیے کہ آج کے افغانستان کو درپیش چیلنجز میں اصل کردار اس کا رہا ہے اور اگر وہ یہاں اپنے تسلط کے قیام کیلئے سالانہ اربوں ڈالر خرچ کرتا رہا ہے تو اسے اب افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی بقا کیلئے بھی انسانی جذبے کے تحت آگے بڑھنا ہوگا۔ افغانستان کے مسائل کی ایک بڑی وجہ یہاں پر قائم طالبان حکومت کو دنیا کی جانب سے تسلیم نہ کیا جانا بھی ہے ، طالبان انتظامیہ نے اپنی جانب سے عالمی برادری کی طرف سے کئے مطالبات کے حوالے سے متعدد بار یقین دہانیاں بھی کروائی ہیں اور خواتین کے روزگار کے حوالے سے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا ہے ۔

اب افغان وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہماری حکومت نے دنیا کی تمام شرائط پوری کی ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ اسلامی ممالک کو افغانستان میں طالبان کی حکومت کوتسلیم کرنے میں پہل کرنی چاہیے ، جہاں تک افغانستان کے منجمد فنڈز کی بحالی کا سوال ہے تو امریکا کو چاہیے کہ وہ انسانی صورتحال کا ادراک کرے اور افغانستان کے اربوں کے منجمد اثاثے بحال کرے ،افغان صورتحال میں پاکستان کا مثبت کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں لیکن پاکستان خود معاشی چیلنجز سے دوچار ہے اور اس مشکل صورتحال میں بھی پاکستان نے افغانستان کی ممکنہ غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے ، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے باربار اپیل کا سلسلہ دنیا پر یہ ظاہر کرنے کیلئے کافی ہے کہ اب پاکستان یہ بوجھ زیادہ دیر تک نہیں اٹھا سکتا، اس حوالے سے گیند اب عالمی برادری کے کورٹ میں ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں