حکومتی نااہلی کی سزا کسانوں کو مل رہی ہے :شہبازشریف

حکومتی نااہلی کی سزا کسانوں کو مل رہی ہے :شہبازشریف

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ملک میں یوریا کی قلت اور کسانوں کودرپیش صورتحال پرشدید اظہارتشویش کرتے ہوئے کہاہے کہ کسان دربدر ہیں۔

 کھاد کی سمگلنگ اوربلیک میں فروخت جاری ہے اور حکومت ہمیشہ کی طرح غائب ہے ، اپنے ردعمل میں شہبازشریف نے کہاکہ ڈی اے پی اور یوریا کی سمگلنگ روکی جائے ، کسانوں کا استحصال بند کیاجائے ،ہر معاملے میں حکومتی نااہلی ، نالائقی اور چوربازاری کی سزا عوام اور کسانوں کو مل رہی ہے ،کسان چیخ رہے ہیں کہ سمگلنگ ہورہی ہے ، حکومت کہاں سوئی ہوئی ہے ؟ عالمی منڈی میں یوریا کی قیمت زیادہ ہے تو سمگلنگ کی روک تھام کیوں نہ کی گئی؟پیشگی انتظامات کیوں نہ ہوئے ؟ یوریا کی قلت پی ٹی آئی کی بدانتظامی اور کرپشن کا شاخسانہ ہے جو اس کی پہچان بن چکی ہے ۔

یوریا نہ ہونے کا مطلب زرعی پیداوار میں کمی ہے جس کے نتیجے میں نئے مسائل پیدا ہوں گے ، شہبازشریف نے کہاکہ بدقسمتی ہے کہ ایک زرعی ملک جو گندم اور چینی برآمد کرتا تھا، آج گندم اور چینی باہر سے منگوارہا ہے ،ہمارے دور میں ڈ ی اے پی 2400 کی بوری تھی، آج کسانوں کو 10 ہزارمیں بھی نہیں مل رہی ہے ،حکومت کا قیمتوں پر کنٹرول نہ ہونا ناکامی، نااہلی اور بدانتظامی کی انتہا ہے ، 2015-16 میں ہمارے دور میں کپاس کی ریکارڈ پیداوار ہوئی تھی ،موجودہ حکومت کے کپاس کی پیداوار کے بارے میں اعدادوشمار غلط بیانی کے سوا کچھ نہیں ، نوازشریف نے 2015 میں تاریخی کسان پیکیج دیا تھا ۔ 33 اضلاع میں 166 مراکز بنائے گئے ، ون ونڈو آپریشن سے ہر مرکز سے 200 کسانوں کو روزانہ کی بنیاد پر امداد مہیا کی گئی ، یہ تاریخی ریلیف پیکیج چھوٹے زمینداروں کو اپنے پائوں پر کھڑ ا کرنے میں سنگ میل ثابت ہوا ، آج کوئی پرسان حال نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں