27 فروری کو اسلام آباد میں جمع ہونیوالا کچرا صاف کرینگے : بلاول بھٹو

27 فروری کو اسلام آباد میں جمع ہونیوالا کچرا صاف کرینگے : بلاول بھٹو

لاڑکانہ (نیوز ایجنسیاں )پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سازش کرنے والوں کو اپنا کام کرنے دیں ہم اپنا کام کریں گے ، ہم اپنے شہر کا خیال نہیں رکھیں گے تو کون رکھے گا، ہم نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ساتھ مل کر کچرا صاف کرنے کا کام شروع کیا ہے۔

 اس سے لاڑکانہ کے نظام میں بہتری آئے گی، 27فروری کو اسلام آباد میں بھی کچرا صاف کریں گے ۔بدھ کولاڑکانہ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ کراچی کی آبادی بہت زیادہ ہے ، ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی، لوکل باڈیز اور حکومت کے ساتھ مل کر کراچی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں تجربہ کاروں کے ساتھ مل کر کام شروع کیا اور ہمیں امید ہے کہ وہاں بہتری آئے گی۔

لاڑکانہ میں جو منصوبہ شروع کیا کہ آپ کے گھروں سے کچرا اٹھایا جائے گا، اس حوالے سے لاڑکانہ کے نظام میں بہتری آئے گی، اگر آپ نے تعاون نہ کیا تو یہ کام ناممکن ہو جائے گا، اس حوالے سے ہم نے ایک آگاہی مہم چلانی ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ اپنے شہر کو صاف رکھیں، ہم سندھ حکومت کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے لوکل باڈیز کے ساتھ مل کر انتظامات کئے ہیں اور اب یہ سلسلہ شروع ہو رہا ہے ، عوام تعاون کریں گے تب ہی لاڑکانہ صاف ہو سکے گا، صوبے کے عوام کی خدمات جاری رکھنی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں