قائمہ کمیٹی : تعلیمی اداروں، سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ ختم کرنے کا بل مسترد

قائمہ کمیٹی : تعلیمی اداروں، سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ ختم کرنے کا بل مسترد

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے تعلیمی اداروں اور سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں اور دیگر کے کوٹے ختم کرنے سے متعلق آئینی ترمیمی بل مسترد کر دیا۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے نیب قانون پر اتفاق رائے کیلئے سب کمیٹی بنانے کی تجویز دیدی، ریاض فتیانہ نے کہا کوشش ہے کہ اتفاق رائے پیدا ہو جائے ، سعد رفیق نے کہا اپوزیشن کو سزا دلوانے کیلئے ریٹائر ڈ ججز کو مراعات دے کر لایا جا رہا ہے ، ترمیمی آرڈیننس اپوزیشن کا گلا کاٹنے کے مترادف ہے ، حکومتی کوشش ہے آٹھ 10 اپوزیشن رہنماؤں کو الیکشن سے پہلے سزا ہو، حکومت نیب ترمیمی قانون سے پیچھے ہٹنا چاہتی ہے تو بات ہو سکتی ہے ، لیکن سپیکر بے اختیار ہیں ان سے بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

چیئرمین نے کہا نیب ترمیمی بلز پر آئندہ اجلاس میں بحث ہوگی ،اقلیتوں اور دیگر کوٹے ختم کرنے سے متعلق آئینی ترمیمی بل پر بحث کی گئی، اراکین نے بل کو مسترد کر دیا۔ نصرت واحد نے بل کے حق میں بحث کرتے ہوئے کہا آئین میں اقلیتوں سمیت کوٹہ سسٹم کا اطلاق 40 سال تک کا تھا، اب یہ سسٹم غیر مؤثر ہو گیا ہے ، اس لیے امتحانات برابری کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔نفیسہ شاہ نے بل کی مخالفت کی، قادر مندوخیل نے کہا اسے ختم کرنا ہے تو مخصوص نشستیں بھی ختم کریں،چیئرمین کمیٹی نے کہاحق اور مخالفت میں ووٹ کر لیتے ہیں جس کے بعد کوٹہ سسٹم ختم کرنے کا بل اکثریتی بنیاد پر مسترد ہو گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں