اختلاف کا حق طاقت سے دبانا شرم ناک ہے ، اسد عمر
کراچی، اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے ایم کیو ایم پاکستان کی ریلی پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی پی کی آمرانہ طرزِ حکومت قابل مذمت ہے ۔
ایک بیان میں اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کا آئین شہریوں کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے ۔ اختلاف کے حق کو طاقت کے ذریعے غصب کرنا شرم ناک روایت ہے ۔ سندھ حکومت یک جماعتی راج کے بجائے آئینی حقوق کا احترام کرے ۔ پولیس کو سیاسی جماعتوں کے خلاف استعمال کرنے کے بجائے جرائم کے خاتمے کے لیے استعمال کیا جائے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے بھی ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنوں پر تشدد کی مذمت کی ہے ۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت کہ جب پی ایس ایل جیسا ایونٹ ہونے والا ہے ، اس پرتشدد واقعے کا کوئی جواز نہ تھا۔ سندھ کے گورنر عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو بڑے دل کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ وزیر اعلٰی سندھ تمام جماعتوں سے گفت و شنید کریں۔