سیاحتی مقامات کیلئے انقلابی اصلاحات متعارف کرائینگے: حسان
لاہور (سیاسی رپورٹرسے )ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا کہ حکومت آنے والی نسلوں کو محفوظ سیاحت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے سیاحتی مقامات پر مری جیسے واقعات کی روک تھام اور دیگر سیاحتی مقامات کو محفوظ بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر انقلابی اصلاحات متعارف کروا رہی ہے ۔
سیاحت کے حوالے سے آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاحت کیلئے کوٹلی ستیاں، فورٹ منرو، کوہ سلیمان، سون ویلی جیسے نئے مقام قائم کئے جا رہے ہیں۔ سیاحت کیلئے نکلنے سے قبل موسم اور ٹریفک کا احوال ضرور جان لیں۔ادھر حسان خاور نے مختلف سیاحتی مقامات پر کیمپنگ گالاز منعقد کرنے کی ہدایت کر دی، حسان خاور نے لیگی رہنما ایاز صادق کے بیان پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بقول ایاز صادق نواز شریف کا جسم لندن اور روح پاکستان میں ہے جبکہ بقول ایف آئی اے پیسہ شریف فیملی کا اور اکائونٹ چپڑاسیوں کے ہیں ، حکومت کی کوشش ہے کہ جسم کا روح سے ملاپ جلدی ہو۔