احتجاج کیخلاف نہیں، پی ایس ایل کی بناپر ایکشن لینا پڑا:سندھ حکومت
کراچی (سٹاف رپورٹر، این این آئی) سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے ایم کیو ایم کے خلاف ایکشن لینے کی وجہ پی ایس ایل ٹیموں کے ہوٹل میں ٹھہرنے کو قرار دیا ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی طرح کے احتجاج کے خلاف نہیں،پی ایس ایل کی بناپر ایکشن لینا پڑا۔ پی ایس ایل کے کئی کھلاڑی سی ایم ہاؤس کے اطراف ہوٹلوں میں مقیم ہیں۔ خبردار بھی کیا تھا کہ سکیورٹی کے باعث سی ایم ہاؤس کے اطراف نہ جائیں۔ صورت حال ایسی ہو گئی کہ پولیس کو ایکشن لینا پڑا۔ ایم کیو ایم کی ریلی پریس کلب چلی جاتی تو یہ صورت حال نہ ہوتی۔
سندھ اسمبلی کا علاقہ بھی ریڈ زون ہے لیکن وہاں ایسی کارروائی نہیں ہوئی۔سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں مکیش کمار چاؤلہ کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم والے ذلت آمیز انتخابی شکست سے بچنے کیلئے صوبے میں لسانیت اور تعصب پھیلا رہے ہیں۔ وسیم اختر، آفاق احمد اور دیگر نے جو باتیں کہیں اس کے بعد وہ اپنے آپ کو لسانی سیاست سے دور نہیں کہہ سکتے ۔